عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// عوامی اتحاد پارٹی کے رکن اسمبلی لنگیٹ شیخ خورشید نے رکن پارلیمنٹ انجینئر رشید کی عبوری ضمانت کی درخواست مسترد کیے جانے پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ انصاف اور انسانیت کے بنیادی اصولوں کے منافی ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب انجینئر رشید کے والد شدید علالت کے باعث آخری سانسیں لے رہے ہیں، ان کے بیٹے کو ان سے ملاقات کی اجازت نہ دینا “غیر انسانی” اقدام ہے۔شیخ خورشید نے کہا’’یہ صرف ایک فرد کا مسئلہ نہیں بلکہ سینکڑوں کشمیری قیدیوں کی کہانی ہے۔
ایسا محسوس ہوتا ہے کہ نظام میں انصاف یکساں طور پر نافذ نہیں کیا جا رہا‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ بعض بڑے ناموں جیسے اروند کیجریوال، منیش سسودیا اور دیگر کے معاملات میں ریلیف آسانی سے مل جاتا ہے، جبکہ کشمیریوں کے لیے انصاف کا حصول مشکل بنا دیا جاتا ہے، جو کہ واضح امتیازی سلوک کی نشاندہی کرتا ہے۔انہوں نے انتظامیہ پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سوپور کے چھ نوجوانوں پر پبلک سیفٹی ایکٹ (PSA) کا نفاذ غیر مناسب ہے اور اس سے نوجوانوں میں احساس محرومی اور بے چینی میں اضافہ ہو رہا ہے۔شیخ خورشید نے کہا کہ اگرچہ تشدد یا توڑ پھوڑ کی کسی بھی کارروائی کی حمایت نہیں کی جا سکتی، لیکن ایسے معاملات میں فوری طور پر سخت قوانین کا استعمال مسئلے کا حل نہیں بلکہ اسے مزید پیچیدہ بناتا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکام انصاف کے ساتھ ساتھ انسانیت کو بھی مقدم رکھیں تاکہ عوام کا نظامِ عدل پر اعتماد بحال ہو سکے