ڈوڈہ //انجمن ترقی گوجری ادب ڈوڈہ نے جموں و کشمیر کے مشہور و معروف مذہبی شخصیت و سیاسی رہنما میاں بشیر احمد لاروی کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کی ہے۔اس سلسلہ انجمن کا ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہوا اور مرحوم کی حیات و خدمات پر روشنی ڈالی گئی۔حاجی خاقان سجاد نے اس موقع پر بولتے ہوئے کہا کہ بابا جی برصغیر کی عوام میں امید کی کرن تھے ان کے انتقال پر شدید جھٹکا لگا ہے۔ انجمن کے جنرل سیکرٹری چوہدری جان محمد حکیم نے اپنے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا .وہ اس صدی کے صوفی بزرگ تھے اور ان کے پیروکار پوری دنیا میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی موت سماج کے ہر طبقہ کے لئے ایک بڑا صدمہ ہے لیکن خاص طور پر گجر طبقہ نے ایک عظیم لیڈر کو کھو دیا ہے جو زمینی سطح پر عوام کے ساتھ منسلک تھے۔ حکیم نے مزید کہا کہ حضرت نے ملت کی دینی رہنمائی بھی کی۔مقررین نے سوگوار خاندان خصوصا میاں الطاف کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔آخر پر حاجی خاقان نے حضرت کی روح کے لیے دعا کی۔