عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// پولیس نے سرینگر میں ہوٹل اور ہوم اسٹے کے مالکان کے خلاف امیگریشن اینڈ فارنرز ایکٹ کی کے تحت مبینہ خلاف ورزیوں پر دو الگ الگ ایف آئی آر درج کی ہیں۔ حکام کے مطابق پولیس سٹیشن راجباغ نے کرسو راجباغ میں واقع ہوٹل ”دی آزرا ”اور سرینگر کے راج باغ علاقے میں واقع ”مہتا ہوم اسٹے” کے مالکان کے خلاف ایف آئی آر نمبر 20/2026درج کی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ یہ مقدمہ امیگریشن اینڈ فارنرز ایکٹ کے تحت درج کیا گیا تھا، جو عام طور پر ہوٹلوں، گیسٹ ہاؤسز، یا ہوم اسٹے میں رہنے والے غیر ملکی شہریوں سے متعلق لازمی تصدیق، دستاویزات، یا رپورٹنگ کے اصولوں سے منسلک مبینہ خلاف ورزیوں سے متعلق ہے۔ایک الگ کارروائی میں راجباغ پولیس نے اسی قانونی دفعات کے تحت گوگجی باغ سرینگر کے ایک مقامی شہری خلاف بھی ایف آئی آر نمبر 21/2026درج کیا جو گوگجی باغ علاقے میں واقع خیابان ہوم اسٹے کا مالک ہے۔تاہم حکام نے فوری طور پر مبینہ خلاف ورزیوں کے حوالے سے مخصوص تفصیلات کا انکشاف نہیں کیا ۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ دونوں واقعات کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔خیال رہے کہ جموں کشمیر پولیس وقتاً فوقتاً ہوٹلوں، گیسٹ ہاؤسز اور ہوم اسٹیز کا معائنہ کرتے ہیں تاکہ مہمانوں کی سیکورٹی اور امیگریشن مانیٹرنگ پروٹوکول کے پیش نظرلازمی تصدیق اور غیر ملکی رپورٹنگ کے ضوابط کی تعمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔