یو این آئی
سرینگر// پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے بدھ کو جموں و کشمیر پبلک سروس کمیشن کے مقابلہ جاتی امتحان کے امیدواروں کی مشکلات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر اور وزیر اعلیٰ سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے ۔ انہوں نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ امیدوار شدید سردی میں سڑکوں پر ہیں اور ان کا مطالبہ کوئی غیر معمولی رعایت نہیں بلکہ بنیادی انصاف ہے – یعنی عمر میں نرمی اور ایک مناسب، منصفانہ امتحانی شیڈول۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ جے کے پی ایس سی کے امیدوار ایک ایسی کشمکش میں پھنس گئے ہیں جس میں ایک طرف ایل جی انتظامیہ اور دوسری جانب وزیراعلیٰ کے اختیارات کی بحث ہے ، جبکہ ان کے مستقبل کے فیصلے مسلسل تاخیر کا شکار ہو رہے ہیں۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ انتظامی سطح پر جاری اس کھینچا تانی نے ہزاروں نوجوانوں میں بے چینی، غیر یقینی اور اضطراب کو بڑھا دیا ہے ۔ پی ڈی پی صدر نے اپنے پیغام میں ایل جی منوج سنہا اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ دونوں سے ‘بغیر کسی مزید تاخیر’ کے معاملے کا حل نکالنے کی اپیل کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمر میں نرمی ماضی میں بھی کئی بار دی جا چکی ہے اور موجودہ حالات میں یہ کسی بھی طرح نامناسب مطالبہ نہیں۔ محبوبہ مفتی نے زور دیا کہ امیدواروں کی آواز کو سنا جائے ، ان کے جائز مطالبات کو تسلیم کیا جائے اور یہ یقینی بنایا جائے کہ امتحان کسی بھی ایسے ماحول میں نہ لیا جائے جو ہزاروں نوجوانوں کے مستقبل پر منفی اثر ڈال سکتا ہو۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی انصاف، شفافیت اور امید – یہی وہ چیزیں ہیں جن کے لیے یہ نوجوان کھڑے ہیں، اور حکومت پر لازم ہے کہ وہ ان کی بات سنے ۔