مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے منظوری، 25جون تک عمل مکمل ہوگا
سرینگر// مرکزی وزارت داخلہ(ایم ایچ اے)نے اس سال امرناتھ یاترا ،جو کہ 3 جولائی کو شروع ہو کر 28 اگست کو اختتام پذیر ہو گی،کے دوران سیکورٹی انتظامات کے لیے سینٹرل آرمڈ پولیس فورسز (سی اے پی ایف)کی 670 کمپنیوں کی تعیناتی کو منظوری دے دی ہے۔ حکام نے بتایا کہ یہ تعیناتی سالانہ یاترا کے لئے اب تک کی سب سے زیادہ ہوگی اور اس کی منصوبہ بندی جموں و کشمیر انتظامیہ اور سینئر سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر کی گئی ہے۔سی اے پی ایف کے اہلکار لکھن پور سے لے کر جنوبی کشمیر کے ہمالیہ کی گھپا تک پورے یاترا کے راستے پر تعینات ہوں گے۔ سیکورٹی کور میں بالتال اور پہلگام کے راستے، بالتال اور نونوان بیس کیمپ، یاتری نواس جموں، جموں سری نگر قومی شاہراہ اور دیگر اہم ٹرانزٹ پوائنٹس شامل ہوں گے۔
حکام نے بتایا کہ جون کے پہلے ہفتے میں اضافی نیم فوجی دستوں کی جموں و کشمیر آمد شروع ہونے کی توقع ہے، جبکہ تعیناتی کا عمل 25 جون تک مکمل ہونے کا امکان ہے۔ہندوستانی فوج یاترا کے راستوں اور گھپا کے آس پاس کے علاقوں کے ساتھ اسٹریٹجک اونچائیوں کو محفوظ بنائے گی، جبکہ جموں و کشمیر پولیس یاترا کے دوران سیکورٹی آپریشنز کو مربوط کرے گی۔عہدیداروں نے کہا کہ حفاظتی انتظامات کی منصوبہ بندی اس طرح کی گئی ہے کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں متاثر نہ ہوں۔بالتال اور چندنواری راستوں، گھپا اور بڑے ٹرانزٹ کیمپوں پر خصوصی توجہ مرکوز رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ روڈ اوپننگ پارٹیز (ROPs)، ایریا ڈومینیشن گشت اور شاہراہوں پر نگرانی کو بھی تیز کیا جائے گا۔وندے بھارت ٹرینوں کے ذریعے سفر کرنے والے یاتریوں کی تعداد میں متوقع اضافے کے پیش نظر جموں سرینگر ریلوے کوریڈور کے ساتھ سیکورٹی کو بھی مضبوط کیا گیا ہے۔ ادھم پور، کٹرہ، ریاسی، بانہال اور قاضی گنڈ سمیت علاقے یاترا کے دوران سخت نگرانی میں رہیں گے۔حکام نے بتایا کہ 15 اپریل کو ملک بھر میں نامزد بینک برانچوں کے ذریعے یہ عمل شروع ہونے کے بعد سے 3.5 لاکھ سے زیادہ یاتری رجسٹر ہو چکے ہیں۔57 روزہ یاترا بالتال اور ننوان-پہلگام راستوں سے 3 جولائی کو ایک ساتھ شروع ہوگی اور رکھشا بندھن اور ساون پورنیما کے موقع پر 28 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔