پونچھ//جامعہ ضیاء العلوم پونچھ کے شعبہ خدمت خلق تنظیم امداد المستحقین کی جانب سے سرحدی گاؤں اسلام آباد کے ایک 10 سال معصوم بچے محمد اقبال جو مائن کے پھٹنے سے اپنے دونوں ہاتھوں سے محروم ہوگیا تھا،کو چالیس ہزار کی نقدامداد چیک کی صورت میں دی گئی ۔یہاں جاری بیان کے مطابق غریب گھرانے سے تعلق رکھنے والے اس معصوم بچے کی ساری خوشیاں اس وقت اس سے چھن گئیں جب غلطی سے اسکا ہاتھ ایک مائن پر پڑگیا جس کی وجہ سے یہ بچہ اپنے دونوں ہاتھوں سے محروم ہوگیا اور اس کی ساری خوشیاں اور ارمان ایک لمحہ میں چھن گئے۔ آئے دن سرحد پر ایسے دلدوز واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں جب بے قصور عوام کو سرحدی کشیدگی کا خمیازہ بھگتنا پڑتا ہے ۔اس موقعہ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولانا سعید احمد حبیبؔ نے دونوں ممالک کے سربراہان سے اپیل کی کہ وہ جنگ کے راستہ کے بجائے امن کے راستہ کو اختیار کریں اور سرحدوں پر گولہ باری کو روکنے میں پہل کریں تاکہ سرحدی آبادی بھی امن سے سانس لے سکے جامعہ کا شعبہ خدمت خلق جو گذشتہ بیس سال سے فلاحی خدمات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے، اس سے پہلے بھی جب بھی جہاں کسی قسم کا انسانی حادثہ ہوا اس ادارے نے انسانی بنیادوں پر بلا امتیاز رنگ ونسل حادثہ کے شکار کے لوگوںکی مدد کی ہے۔ اس ضمن میں جامعہ میں مختصر تقریب کے دوران جامعہ کے نائب مہتمم مولانا سعید احمد حبیبؔ نے بچے کے والد کو چالیس ہزار روپے کی نقدامدادچیک کی صورت میںدی اور نیز اس کی تعلیم کے حوالہ سے بھی ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔