آسمامی بجلی گرنے سے ایک شخص زخمی، شہر سرینگر اور جنوبی کشمیر میں تیز آندھی اور بارشیں
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// وادی کے شمالی و جنوبی کشمیر میں منگل کی شام جم کر بارش، ژالہ باری اور بارشیں ہوئیں۔ اس دوران آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص شدید زخمی ہوا۔شمالی کشمیر کے کپواڑہ ضلع کے لولاب کے وانی دورسہ علاقے میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جھلس کر زخمی ہو گیا۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ خراب موسم کے دوران اس وقت پیش آیا جب علاقے میں آسمانی بجلی گر گئی، جس سے شوکت خورشید میر 45ولد خورشید احمد میر ساکن وانی دورسہ زخمی ہوا۔زخمی کی ٹانگ، پیٹ اور بائیں بازو پر جھلس گئے۔مقامی لوگوں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر اسے علاج کے لیے سب ڈسٹرکٹ اسپتال سوگام منتقل کیا۔
شمالی کشمیر
محکمہ موسمیات نے ساڑھے 6بجے ایڈوائزری جاری کی جس میں کہا گیا کہ کپواڑہ، بارہمولہ، بانڈی پورہ، گاندربل اور ملحقہ علاقوں، بڈگام کے بہت سے حصوں، سونمرگ-بالتل، پہلگام،، جنوبی کشمیر کے کچھ حصوں کے ساتھ بارش/گرج چمک کے ساتھ بارش اور اگلے 2-3 گھنٹوں کے دوران تیز ہوائیں چلیں گی۔شہر سرینگر میں شام سات بجے تیز آندھی آئی جس کادورانیہ قریب 45منٹ تک رہا۔ اس دوران محخمہ موسمیات کے مطابق 60کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھی چلی جس سے کئی علاقوں میں چھتیں اڑ گئیں اور دکانوں کے باہر لگائی گئی ٹین کی چادریں بھی اڑ گئیں۔پلوامہ اور جنوبی کشمیر کے دیگر علاقوں میں تیز ہوائیں اور ہلکی بارش ہوئی۔محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق ٹنگمرگ اوربابا ریشی میں ہلکی بارش کیساتھ ژالہ باری ہوئی لیکن اسکا دورانیہ مختصر رہا۔البتہ گلمرگ کے افروٹ کے پہاڑی سلسلے پر اس موسم کی ایک اور ہلکی برفباری ہوئی۔اس دوران ضلع بارہمولہ کے نامبلہ ،بونیار اپر بیلٹ، کنڈی اپر بیلٹ، شالہ دجن،شالہ پتھری ،ناروائو اپر بیلٹ،حاجی بل،رفیع آباد اور دیگر کئی علاقوں میں بارشیں اور ژالہ باری ہوئی جس سے میوہ باغات کو شدید نقصان ہوا۔بونیار میں شدید ترین بارش اور ژالہ باری ریکارڈ کی گئی۔ادھر کپوارہ میں گرج چمک کیساتھ بارشیں اور اس کے بعد ژالہ باری ہوئی۔ حکام کے مطابق گزریال، وارسن، ریشی گنڈ،، دردسن، آلوسہ، منزگام، پچکوٹ، تمنہ، ہچ مرگ، ہفرڈہ، چوکی بل اور ہنگنی کوٹب میں ژالہ باری ہوئی جس سے میوہ باغات اور کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا۔مژھل میں شدید ژالہ باری سے فصلوں کو بڑے پیمانے پر نقصان ہوا۔ ڈپل اور دودھی کے دیہات سب سے زیادہ متاثر ہوئے، جہاں شدید ژالہ باری کی وجہ سے زیر کاشت وسیع رقبے میں تباہی ہوئی۔ادھر سوپور میں زبردست بارش کے ساتھ طاقتور آندھی نے منگل کی شام سوپور اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں رہائشی املاک کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا۔سوپور کے مرکز میں ایک رہائشی مکان کی چھت اڑ گئی۔ سوپور کے زینہ گیر علاقے کے کئی دیہات ڈانگر پورہ، وارپورہ اور دیگر علاقوں میں شدید آندھی کی وجہ سے متعدد مکانوں کی چھتوں کو نقصان پہنچا۔رہائشیوں نے بتایا کہ ٹین کے چھتوں کی چادریں اکھڑ کر اڑ گئیں، جبکہ کئی ڈھانچے کو جزوی نقصان پہنچا۔
ایڈوائزری
موسمیاتی مرکز سرینگر نے اگلے کئی دنوں کے دوران جموں و کشمیر میں موسم کی صورتحال غیر مستحکم رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دوران بعض علاقوں میںوقفے وقفے سے بارش، گرج چمک ، تیز ہوائیں اور ژالہ باری مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے مختلف حصوں کو متاثر کرنے کا امکان ہے۔پیشن گوئی کے مطابق، 17 جون کو موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے، اس دوران بکھرے ہوئے علاقوں میں ہلکی بارش اور گرج چمک اور تیز ہوائوں کے ساتھ مختصر لیکن شدید بارش ہوسکتی ہے۔18 سے 22 جون تک موسم عام طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے، بہت سے مقامات پر ہلکی بارش، گرج چمک کے ساتھ ژالہ باری، آسمانی بجلی اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے لوگوں کو گرج چمک اور تیز ہوائوں کے دوران ڈھیلے ڈھانچے، بجلی کے کھمبوں، اوور ہیڈ پاور لائنوں اور بڑے درختوں کے قریب پناہ لینے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ حکام نے عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے خراب موسمی حالات کے دوران کشتی رانی اور شکارا آپریشن کو معطل کرنے کی بھی سفارش کی ہے۔محکمہ نے مزید خبردار کیا کہ شدید مختصر دورانیے کی بارش پورے خطے میں الگ تھلگ مقامات پر سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے کا باعث بن سکتی ہے۔