منڈی//نورانی جامع مسجد شریف اعلیٰ پیر منڈی میں حضرت شاہِ ہمدان ؒ کا عرس سید شاہد حسین بخاری خطیب و امام جامع مسجد کی صدارت میں منایا گیا ۔ اس موقعہ پر مقامی علماء میں سے عبدالرشید نعیمی اور تحریکِ صوۃ لاولیا کے فیاض احمد رضوی بھی موجو دتھے ۔علمائے اکرام نے شاہ ہمدان ؒکی حیات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں اسلام پھیلانے کا سہرا انہی کے سر جاتا ہے ،جب وہ کشمیر میں داخل ہوئے تو اس وقت اس خطے میںاسلام کا کوئی خاص ظہور نہیں ہوا تھا ،انہوںنے اپنے ساتھ سینکڑوں سادات لاکر دین اسلام کی تبلیغ کی اور لوگوں کو اس سچے دین سے واقف کروا کر اسلام کی یہاں بنیاد رکھی۔انہوںنے کہاکہ اسی وجہ سے انہیں یہاں بانیِ مسلمانی بھی کہا جاتا ہے۔ فیاض احمد رضوی نے محبتِ اولیاء کو دل میں رکھ کر انکے نقش قدم کو اختیار کرنے کی تلقین کی اور کہاکہ اپنے اپ کو اسلام کی راہ پر فنا کیا جاتاہے تب جاکر اللہ کا قرب حاصل ہوتاہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر مسلمان کو چاہئے کہ سب سے پہلے نماز قائم کرے، پرہیزگاری اختیار کرے تاکہ دنیا کے ساتھ ساتھ آخرت میں بھی سرخروئی نصیب ہوسکے ۔اراکین کمیٹی میں سے ماسٹر عبدالرحمن، محمد شفیع،مولانا طاہر رضا،حمید نباض،مشتاق ڈار،غنی تانترے،امیر دین خواجہ قابل ذکر ہیں۔