عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// اپنی پارٹی کے صدر الطاف بخاری کی صدارت میں پارٹی کے ایک اجلاس میں جموں و کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیااور اہم پارٹی امور کے علاوہ اہم عوامی مسائل پر بات چیت کی گئی۔اس موقع پر الطاف بخاری نے جموں و کشمیر کرکٹ ٹیم کو پہلی بار رنجی ٹرافی کا ٹائٹل جیتنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا’’ یہ بڑی خوشی کی بات ہے، کیونکہ ہماری ٹیم نے یہ تاریخی فتح حاصل کی ہے‘‘۔پارٹی کی حکمت عملی اور پالیسیوں کے بارے میں الطاف بخاری نے کہا’’یہ مناسب وقت ہے جب ہمیں لوگوں تک پہنچنے اور انہیں جموں و کشمیر اور اس کے لوگوں کی بہتری کے لیے اپنی پارٹی کے وژن اور پالیسیوں سے آگاہ کرنا ہوگا‘‘۔انہوں نے کہا کہ اپنی پارٹی کے پاس جموں و کشمیر کو امن، خوشحالی اور ترقی کے راستے پر لے جانے کا عزم اور وژن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپنی پارٹی کا وژن اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ جموں کشمیر میں موجودہ غیر یقینی صورتحال کا خاتمہ ہو۔
انہوں نے اپنے ساتھیوں پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں اپنی سیاسی اور عوامی رابطہ مہم کی سرگرمیوں میں سرعت لائیں۔ بخاری نے مرکزی حکومت پر زور دیا کہ وہ جموں کشمیر کے نوجوانوں کے ساتھ بامعنی بات چیت شروع کرے اور انہیں اعتماد سازی کے اقدامات میں شامل کرے تاکہ حکومت اور جموں کشمیر کے لوگوں کے درمیان عدم اعتماد کا ماحول ختم کرنے میں مدد ملے۔ اپنی پارٹی کے قائد نے حکومت پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ جموں و کشمیر میں پنچایتی اور بلدیاتی انتخابات بغیر کسی مزید تاخیر کے کرائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ نچلی سطح کی جمہوریت کو مضبوط بنانے کے لیے بلدیاتی و پنچایتی انتخابات کا انعقاد ضروری ہے۔ اس لیے اپنی پارٹی حکومت سے پرزور مطالبہ کرتی ہے کہ یہ انتخابات جلد از جلد کرائے جائیں۔انہوں نے جموں و کشمیر میں منشیات کی بڑھتی ہوئی وبا پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کی وبا کو ختم کرنے کے لیے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اجلاس میں پارٹی کی پارلیمانی امور کمیٹی کے چیئرمین محمد دلاور میر، جنرل سیکریٹری رفیع احمد میر، چیف کوآرڈی نیٹر و ضلع صدر کولگام عبدالمجید پڈراور صوبائی صدر کشمیر محمد اشرف میرسمیت دیگر لیڈران بھی شامل تھے۔