یواین آئی
جیزہ، مصر/مصر کی ابھرتی ہوئی اسٹار آمنہ عرفی نے پروفیشنل اسکوائش ایسوسی ایشن (پی ایس اے ) ورلڈ چیمپئن شپ 2026 جیت کر تاریخ رقم کر دی۔ انہوں نے فائنل میں دنیا کی نمبر دو کھلاڑی نور الشربینی کو ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر کم عمر ترین ویمن ورلڈ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔جیزہ میں کھیلے گئے فائنل میں 18 سالہ آمنہ عرفی نے تجربہ کار کھلاڑی نور الشربینی کو 6-11، 11-6، 11-9، 7-11 اور 14-12 سے شکست دی۔یہ میچ ویمنز ورلڈ چیمپئن شپ کی تاریخ کا دوسرا طویل ترین فائنل ثابت ہوا۔آمنہ عرفی نے اس جیت کے ساتھ نور الشربینی کا نویں بار ورلڈ ٹائٹل جیتنے کا خواب بھی چکنا چور کر دیا۔ 18 سال اور 10 ماہ کی عمر میں ٹائٹل جیت کر وہ دنیا کی کم عمر ترین خاتون ورلڈ چیمپئن بن گئیں۔
وہ اسکوائش کی تاریخ کی پہلی کھلاڑی ہیں جو بیک وقت ورلڈ جونیئر اور ورلڈ سینئر چیمپئن شپ کے ٹائٹلز اپنے پاس رکھتی ہیں۔ اس فتح کے بعد عالمی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر موجود آمنہ نے ثابت کر دیا کہ وہ مستقبل کی عالمی نمبر ون ہیں۔ویمنز فائنل کے ساتھ ساتھ مردوں کے مقابلے میں بھی مصر کا پلڑا بھاری رہا۔ مصطفیٰ عسل نے یوسف ابراہیم کو یکطرفہ مقابلے میں 11-4، 11-1 اور 12-10 سے ہرا کر اپنے ورلڈ ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کیا۔25 سالہ مصطفیٰ عسل کے کیریئر کا یہ دوسرا ورلڈ چیمپئن شپ ٹائٹل ہے ۔انہوں نے اپنے حریف یوسف ابراہیم کی ہمت کو سراہا جو انجری کے باوجود فائنل تک پہنچنے میں کامیاب رہے ۔