یو این آئی
میڈرڈ/اسپینش فٹ بال کے دوسرے ڈویژن میں ریئل زراگوزا اور ہیوسکا کے درمیان ہونے والا ڈربی مقابلہ اس وقت میدانِ جنگ میں تبدیل ہو گیا جب زراگوزا کے ارجنٹائنی گول کیپر ایسٹیبان اینڈراڈا نے ریڈ کارڈ دکھائے جانے کے بعد حریف کھلاڑی کے چہرے پر مکا جڑ دیا۔ اس واقعے کے بعد اینڈراڈا پر طویل پابندی کا خطرہ منڈلا رہا ہے ۔
اتوار کے روز کھیلے گئے اس اعصاب شکن میچ کے آخری لمحات میں تلخی اس وقت بڑھی جب 35 سالہ اینڈراڈا نے ہیوسکا کے کھلاڑی جورج پولیڈو کو دھکا دے کر گرا دیا۔ ریفری نے فوری طور پر اینڈراڈا کو ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیجنے کا حکم دیا، جس پر وہ طیش میں آ گئے اور پولیڈو کی طرف دوڑتے ہوئے ان کے چہرے پر زوردار مکا دے مارا۔گول کیپر کے اس پرتشدد عمل نے میدان میں موجود دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان ہاتھا پائی شروع کر دی۔ اس ہنگامے کے نتیجے میں ہیوسکا کے گول کیپر دانی جمینیز کو ریڈ کارڈ دکھایا گیا۔زراگوزا کے دانی ٹاسینڈے کو بھی میدان سے باہر بھیج دیا گیا۔ہیوسکا نے یہ میچ 1-0 سے اپنے نام کر لیا۔اینڈراڈا، جو میکسیکن کلب مونٹیری سے قرض پر زراگوزا کا حصہ ہیں، کو اپنے اس رویے کی بھاری قیمت چکانی پڑ سکتی ہے ۔ ماہرین کے مطابق ریڈ کارڈ کی وجہ سے ایک میچ کی لازمی پابندی۔گھونسہ مارنے اور بدتمیزی کرنے پر مزید 12 میچوں کی طویل پابندی لگائی جا سکتی ہے ۔