سرینگر//حکومت نے عدالتی احکامات کے تحت کورونا مریضوں کی اسپتالوں میں داخلے اور علاج ومعالجہ کیلئے نئی پالیسی کا اعلان کیا ہے۔آفات سماویٰ سے نمٹنے کے انتظامات ، امدادی بحالی و تعمیر نو محکمہ کی ریاستی ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ اور جموں کشمیر کے چیف سیکریٹری بی وی آر سبھرمنیم کی جانب سے جاری آرڈر میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے از خود نوٹس لئے گئے معاملے کے تناظر میں وزارت صحت نے 8 مئی 2021 کو کورونا وائرس میں مبتلا یا مشتبہ شخص کے اسپتال کے داخلے کے سلسلے میں ایک قومی پالیسی جاری کی ہے۔چیف سیکریٹری نے کہا ہے کہ مرکزی وزارت صحت کے آرڈر کی تعمیل کرتے ہوئے آفات سماویٰ سے نمٹنے کے انتظامات مجریہ2005 کے دفعہ24کے تحت حاصل اختیارات کے تحت ریاستی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرپرسن کی حیثیت سے جموں کشمیر میں نجی و سرکاری اسپتال آئندہ آرڈر تک نئی پالیسی کے تحت رہنما اصولوں کو عملدرآمد بنانے کے عمل کو یقینی بنائیں۔نئی پالیسی کے تحت کورونا مریضوں کیلئے اسپتالوں میں داخلی کیلئے مثبت ٹیسٹ کی ضرورت نہیں ہوگی جبکہ مشتبہ شخص کو سہولیاتی مرکزکے مشتبہ وارڈ میں داخل کیا جائے گا ۔حکم نامہ کے مطابق کسی بھی مریض کو کسی بھی مقام پر خدمات سے انکار نہیں کیا جائے گا،اور اس کو آکسیجن یا ضروری دوائیں فراہم کی جائیں،اگر وہ مختلف شہر سے بھی تعلق رکھتا ہو۔