بیت المقدس //اسرائیلی فوج کے مظالم اور بیت المقدس میں یہودی آبادکاروں کے دھاووں کے باعث 2روز سے جاری کشیدگی مغربی کنارے کے کئی علاقوں میں پھیل گئی۔ بیت المقدس میں اسرائیلی فوج نے فائرنگ کرکے 29 سالہ خاتون کو جاں بحق کردیا، خاتون کی شناخت مائی افناہ کے نام سے ہوئی ہے جن کا تعلق ابودیس کے علاقے سے تھا، فلسطینی میڈیا کے مطابق خاتون نے غلطی سے گاڑی کو اسرائیلی ملٹری کے لیے زیر تعمیر روڈ پر موڑا تھا جس پر انہیں اسرائیلی فوج نے گولی ماردی۔دوسرا واقعہ نابلوس میں پیش آیا جہاں قابض اسرائیلی افواج نے بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 16 سالہ نوجوان کو گولی مار کرہلاک کردیا، 16 سالہ احمد زاہی بانی شمسا کو سر میں گولی لگی تھی جس کے بعد وہ اسپتال میں زیر علاج تھا تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔جس کے بعد کئی علاقوں میں مظاہرے شروع ہوگئے۔ اس کے بعد فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس میں جھڑپیں ہوئیں، جن میں 33 فلسطینی زخمی ہوگئے۔ دوسری جانب اسرائیلی طیاروں نے غزہ میں پھر فضائی حملے کیے۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس نے یہ حملے فلسطینی علاقوں سے چھوڑے گئے آتش گیر مادہ لے جانے والے غباروں کے جواب میں کیے گئے۔