یو این آئی
غزہ// 37ویں روز بھی اسرائیلی حملوںکے نتیجے میں جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد 12 ہزار سے تجاوز کرگئی، اب تک غزہ پر اسرائیلی حملوںکے نتیجے میں 7100 بچے ہلاک ہوگئے، 17,500 زخمی ہیں۔ اسرائیلی فوج نے مسلسل 37ویں روز بھی غزہ کی پٹی میں حملے جاری رکھے ہوئے ہیں اور زیادہ تر بمباری اسپتالوں اور کھانے پینے کی اشیا کے اسٹورز پر مسلسل بمباری کررہاہے۔غزہ میں محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ خان یونس میں ایک گھر پر اسرائیلی حملے میں 13 فلسطینی جاں بحق ہوگئے۔الجزیرہ کے مطابق خان یونس کے مشرقی حصے میں ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنا کر تباہ کردیا گیا ہے۔غزہ کی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے کہا کہ صہیونی فوجیوں کی مسلسل بمباری کی وجہ سے الشفا میڈیکل کمپلیکس نے کام کرنا چھوڑ دیا ہے، اسرائیلی فوجیوں نے الشفا میڈیکل کمپلیکس کو ایک کھلے جنگی علاقے میں تبدیل کر دیا ہے اور وہ کمپلیکس کے آس پاس کی ہر اس چیز کو نشانہ بنایا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم شفا کمپلیکس میں زخمیوں اور بیماروں کی جان بچانے والی کوئی بھی خدمت فراہم کرنے سے قاصر ہیں، مریضوں کے لیے نہ ہی دوائیں ہیں اور نہ ہی کھانے پینے کے لیے کوئی دوسرا سامان جس کی مدد سے مریضوں کی دیکھ بھال کی جائے۔الثوابط نے کہا کہ غزہ میں 22 ہسپتالوں اور 49 مراکز صحت نے اسرائیلی حملوں اور پاور جنریٹرز کو چلانے کے لیے درکار ایندھن کی کمی کی وجہ سے کام بند کر دیا ہے ۔انہوں نے اسرائیل پر شفا میڈیکل کمپلیکس کے انتہائی نگہداشت یونٹ، سرجری کی عمارت اور میٹرنٹی وارڈ پر حملے شروع کرنے کا الزام لگایا اور غزہ میں لڑائی کو روکنے اور وہاں کے لوگوں تک ایندھن سمیت تمام انسانی امداد پہنچانے کے لیے فوری عالمی کوششوں کی اپیل کی ہے ۔