عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//ضلع انتظامیہ راجوری نے ’100 روزہ نشہ مکت جموں و کشمیر ابھیان‘ کے تحت مقامی نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ایک ہونہار یتیم باکسر یاسر کو مالی امداد فراہم کی ہے، جو حال ہی میں ازبکستان میں منعقد ہونے والے بین الاقوامی باکسنگ مقابلے میں ہندوستان کی نمائندگی کیلئے منتخب ہوئے ہیں۔یہ اقدام ڈپٹی کمشنر راجوری ابھیشیک شرما کی نگرانی میں انجام دیا گیا، جسے عوامی حلقوں کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔
یاسر، جنہوں نے انتہائی مشکل حالات کے باوجود اپنی محنت اور لگن کے بل بوتے پر باکسنگ کے میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں، آج ضلع راجوری کیلئے فخر کی علامت بن چکے ہیں۔ذرائع کے مطابق یاسر ایک یتیم نوجوان ہیں اور محدود وسائل کے باوجود انہوں نے کھیل کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ وہ اس وقت اپنے اہل خانہ کے ساتھ اسپورٹس اسٹیڈیم راجوری کے قریب آئی ٹی آئی عمارت میں نہایت سادہ حالات میں زندگی گزار رہے ہیں۔ ان کی جدوجہد نہ صرف ان کے عزم و حوصلے کی عکاسی کرتی ہے بلکہ اس بات کی بھی نشاندہی کرتی ہے کہ باصلاحیت نوجوانوں کی سرپرستی اور تعاون کس قدر ضروری ہے۔ڈپٹی کمشنر ابھیشیک شرما نے یاسر کی صلاحیتوں اور محنت کو دیکھتے ہوئے ان کی مدد کیلئے فوری اقدامات شروع کیے تاکہ وہ اپنے خواب کو پورا کر سکیں اور عالمی سطح پر ملک و ضلع کا نام روشن کریں۔اسی سلسلے میں محکمہ حیوانات پروری نے چیف اینیمل ہسبنڈری آفیسر ڈاکٹر خالد نجیب خان کی رہنمائی میں نوجوان باکسر کو مالی امداد فراہم کی۔ امدادی رقم کی فراہمی کے موقع پر سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس گورو سیکروار، ضلع سوشل ویلفیئر آفیسر عبدالرحیم اور ویٹرنری اسسٹنٹ سرجن ڈاکٹر شاہ ریاض احمد چوہدری بھی موجود تھے۔ضلع انتظامیہ نے اس موقع پر اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے باصلاحیت نوجوان، جو سماجی اور معاشی مشکلات کے باوجود آگے بڑھنے کی کوشش کر رہے ہیں، انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انتظامیہ نے سماج کے دیگر افراد اور اداروں سے بھی اپیل کی کہ وہ ایسے ہونہار نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کیلئے آگے آئیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھار سکیں۔