نیوز ڈیسک
جموں//ادھم پور ضلع کے 50 سے زیادہ دیہات کے مکینوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوتا جا رہا ہے جو گزشتہ دوبرسوں سے ایک ندی پر ایک نئے پل کا انتظار کر رہے ہیں اور کہتے ہیں کہ انتظامیہ کو گہری نیندسے باہر نکلنے کی ضرورت ہے۔ فوجی چھاؤنی میں واقع 70 سالہ پرانے بیرون پل، جو کہ شمالی آرمی کمانڈ کے ہیڈ کوارٹر سے ایک کلومیٹر آگے ہے، کو دو سال قبل غیر محفوظ قرار دیا گیا تھا جب اس میں دراڑیں پڑ گئیں، فوج کی نقل و حرکت متاثر ہوئی اور ڈیڑھ لاکھ سے زائد آبادی کو مجبور کیا گیاکہ وہ جموں سری نگر قومی شاہراہ تک پہنچنے کے لیے 18 کلومیٹر کا چکر لگائیں۔ادھم پور ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل کے چیئرمین لال چند نے تاہم لوگوں سے صبر کرنے کی اپیل کی اور انہیں یقین دلایا کہ بارڈر روڈز آرگنائزیشن (BRO) جو کہ عمل کرنے والی ایجنسی ہے، ڈبل لین پل کی تعمیر شروع کرنے کے لیے مٹی کی جانچ کی رپورٹ کا انتظار کر رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ لوکل ایم پی اور مرکزی وزیر جتیندر سنگھ اس پروجیکٹ کی نگرانی کر رہے ہیں۔فوج نے فوری طور پر بروان پل کی جگہ ایک عارضی سٹیل پل تعمیر کر دیا ہے، لیکن نئی تعمیر دو ماہ سے زیادہ استعمال نہیں ہو سکی۔ بعد میں فوج کی طرف سے ایک بیلی برج بنایا گیا جس میں سامان اور تجارتی گاڑیوں کی نقل و حرکت پر پابندی ہے۔بیوپار منڈل کے صدر این سی بھٹی نے کہا ’’ہم نے نئے پل کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کیا ہے لیکن کسی نے دھیان نہیں دیا۔ ہمیں معاشی نقصان ہو رہا ہے کیونکہ ہمیں اضافی ٹرانسپورٹیشن چارجز ادا کرنے پڑتے ہیں‘‘۔انہوں نے ایک پل کا مطالبہ کیا جسے مسافر گاڑیاں استعمال کر سکیں۔سینئر سٹیزنزفورم گڑھی کے جنرل سکریٹری امریک سنگھ نے کہا کہ انتظامیہ کا 30 سال سے زیادہ عرصہ سے ایک پل بنانے کا منصوبہ ہے۔سنگھ نے کہا’’کام شروع کرنے میں تاخیر اس لیے ہے کہ انتظامیہ گہری نیند سو رہی ہے ۔انہیں اپنی نیند سے بیدار ہونے کی ضرورت ہے۔ لوگوں کو تکلیف ہو رہی ہے کیونکہ انہیں اپنی منزلوں تک پہنچنے کے لیے دو گھنٹے اضافی گزارنے پڑتے ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو لوگوں کی سہولت کے لیے بیلی برج کے ذریعے جموں-ادھم پور اور کٹرا-اودھم پور سروس کو فوری طور پر شروع کرنے پر غور کرنا چاہیے۔کانگریس کے ایک مقامی رہنما سمیت منگوترا نے کہا کہ انتظامیہ نے چھ ماہ قبل پرانے پل کو ختم کرنا شروع کر دیا تھا اور اس سے مقامی لوگوں میں امید پیدا ہوئی کہ ایک سال کے اندر نیا پل تعمیر ہو جائے گاتاہم کام دو ہفتوں کے اندر بند ہو گیا اور اس کے بعد سے کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی۔انہوں نے کہا کہ اصل پل کے گرنے سے مقامی دکاندار سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔ڈی ڈی سی کے چیئرمین لال چند نے کہا’’پرانے پل کا ملبہ پہلے ہی صاف ہو چکا ہے۔ دونوں طرف فٹ پاتھوں کے ساتھ ڈبل لین پل کا ڈیزائن تیار ہے اور ہم توقع کر رہے ہیں کہ مٹی کی جانچ کی رپورٹ آنے کے فوراً بعد کام شروع ہو جائے گا۔مٹی کی جانچ ضروری تھی کیونکہ اصل پل اور سٹیل کا پل زمین میں دھنسنے کی وجہ سے گر گیا۔ یہ ایک دلدل کی مانند ہے جسے تعمیراتی کام شروع ہونے سے پہلے حل کرنے کی ضرورت ہے‘‘۔چند، جو کہ بی جے پی کے لیڈر ہیں، نے کہا کہ بنیادی مسئلہ پانی کی سپلائی کے پائپوں کا تھا جو علاقے سے فوجی چھاؤنی کو گزرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ حل ہو گیا ہے۔انکا کہناتھا’’ہم متعلقہ حکام سے بھی رابطے میں رہے ہیں۔ پل جلد ہی ایک حقیقت بن جائے گا‘‘۔
ادھم پور میں پل کی تعمیر میں تاخیر پر لوگ سیخ پا