جموں // کثیر اللسانی ادبی تنظیم ادبی کنج جے اینڈ کے جموں کی طرف سے گذشتہ روز عالمی یومِ موسیقی اور مہان سنت مہاتما کبیرکے یومِ ولادت پر گُذشتہ روز ایک سُرمئی خراجِ عقیدت نِشست کا انعقاد ہوُا۔نِشست کی صدارت کے فرائض کشتواڑ کے جواں سال شاعر عبدالجبّار بٹ نے سرانجام دِئے۔جبکہ جانے مانے گلوکار اور موسیقار چمن سگوچ مہمانِ خصوُصی تھے۔ نِشست کی نِظامت کے فرائض تنظیم کے ادبی سیکرٹری بِشن داس خاکؔ نے انجام دِئے۔ نِشست کے آغاز میں عالمی یوُمِ موسیقی کی اہمیّت اور افادیّت پر تنظیم کے چئیر مین آرش ؔ دلموترہ ،صدر تنظیم شام طالبؔ، صدرِ نِشست عبدالجبّاربٹؔ اور دیگر معزز ممبران نے مفّصل روشنی ڈالی۔ اِس موقعہ پر خاص طور سے بتایا گیا کہ اِس عالمی یومِ موسیقی کا آغازفرانس سے ہوُا تھا۔ مقرّرین نے اِس متبرّک تہوار کی اہمیّت پر مفصّل روشنی ڈالی اور خُدا تعالیٰ سے امن اور اہنسا کی دُعا کی ۔ نِشست کا پہلا دوَر سُرمئی تھا۔ اِس دِن کے حوالے سے دُنیا بھر میں امن، عدم تشدّد اورپیار کا سندیش پھیلایا جاتا ہے۔سنت کبیر کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اُن کے مارگ درشن اور تعلیمات پر خاص طور پر روشنی ڈالی گئی۔نِشست کے آج کے نثری دور میں آرشؔ دلموترہ نے مہاتما کبیرکے دوہوں پر ایک خصوُصی اُردوُ پیپر ’ دیکھ کبیرا رویا ‘ پیش کِیا۔ آج کے شعری دوَر میں مختلف شعراء حضرات نے محتلف زبانوں میں اپنے دیگر کلام کے ساتھ ساتھ مہاتما کبیر اور عالمی یومِ موسیقی پر گیٖت اور نظمیں پیش کیٖں ۔اِس موقعہ پر گلوگار چمن سگوچ نے اپنی سُریلی آواز میں سنت کبیر کے کئی مشہور دوہے بھی سُنائے۔ آج کے شعری دوَر میں حِصّہ لینے والے شعراء کے اِسم گرامی اِس طرح ہیں:۔ آرشؔ دلموترہ ، مالک سنگھ وفاؔ سنگدلؔ، عبدالجبّار بٹ، سروَر چوہان حبیٖب، چمن سگوچؔ ، بِشن داس خاکؔ، راج کمل، دیپک ؔبہاری، ایس کے گٗپتا، راجیو کُمار، سنجیو کُمار اور شام طالبؔ۔ نِشست کا اِختتام تنظیم کی طرف سے چئیرمین آرشؔ دلموترہ کی پیش کردہ شُکریہ کی تحریک سے ہوُا۔