عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر میں ریونیو خسارہ بدستور جاری ہے، جہاں حکومتی اخراجات آمدنی سے زیادہ ہیں۔ یہ بات کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل کی تازہ رپورٹ میں اجاگر کی گئی ہے، جس نے یونین ٹیریٹری کی مالی حالت میں ساختی دباؤ کی نشاندہی کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق آمدنی اور اخراجات کے درمیان مسلسل فرق مالیاتی پائیداری پر سوال اٹھاتا ہے۔ ریونیو خسارہ اس بات کی علامت ہے کہ حکومت کی روزمرہ آمدنی اس کے معمول کے اخراجات پورے کرنے کے لیے ناکافی ہے، جس کے باعث بیرونی امداد پر انحصار بڑ رہا ہے۔ سی اے جی نے کہا کہ مالیاتی نظم و ضبط کو بہتر بنانے، آمدنی کے ذرائع کو بڑھانے اور اخراجات کی منصوبہ بندی کو مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔ رپورٹ ایسے وقت سامنے آئی ہے جب جموں و کشمیر میں مالیاتی نظم و ضبط اور پائیدار اقتصادی انتظام پر وسیع تر بحث جاری ہے۔