عظمیٰ نیوز سروس
گاندربل//شیر کشمیر یونیورسٹی آف ایگریکلچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کشمیر کے فشریز شعبہ رنگل گاندربل میں آرائشی مچھلیوں کی بیماریوں کی جدید تشخیص کے موضوع پر ایک ہفتہ وار ایم ایس ایم ای اسپانسرڈ تربیتی پروگرام کا آغاز ہوگیا۔ایکویریم سے انٹرپرائز تک: آرائشی مچھلیوں کے جدید بیماری تشخیص کے انتظام میں عملی تربیت کے عنوان سے منعقدہ اس پروگرام کا مقصد شرکا کو آرائشی مچھلیوں کی صحت کے موثر انتظام، بیماریوں کی بروقت نشاندہی، جدید تشخیصی ٹیکنالوجی کے استعمال اور کاروباری مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے تاکہ وہ پائیدار اور منافع بخش کاروبار قائم کر سکیں۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شعبہ کے ڈین پروفیسر فروز احمد بٹ نے کہا کہ آرائشی ماہی پروری کے شعبے میں جدید مہارتوں کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید فش ہیلتھ ڈائیگناسٹکس کو اپنانے اور نوجوانوں میں کاروباری صلاحیتیں پیدا کرنے سے نہ صرف اس شعبے کو تقویت ملے گی بلکہ جموں و کشمیر میں روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔اس موقع پر ڈویژن آف آکواٹک اینیمل ہیلتھ مینجمنٹ کے سربراہ پروفیسر فیروز احمد شاہ نے کہا کہ بیماریوں کی بروقت تشخیص، موثر بایو سکیورٹی اقدامات اور مسلسل نگرانی پائیدار پیداوار کے لیے ناگزیر ہیں۔