یواین آئی
ممبئی/ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت نے آئندہ آئی پی ایل 2026 کے لئے اپنی کمر کس لی ہے ۔ اس سلسلے میں انہوں نے گزشتہ ہفتے ممبئی کے تاریخی بریبورن اسٹیڈیم میں سابق اسٹار آل راؤنڈر یووراج سنگھ کے ساتھ چار دن تک سخت ٹریننگ سیشنز میں حصہ لیا۔ذرائع کے مطابق پنت اور یووراج نے ان چار دنوں کے دوران دن اور رات، دونوں وقت بیٹنگ کی مشقیں کیں۔
خاص طور پر وائٹ بال کرکٹ (محدود اوورز) کے جدید اور جارحانہ شاٹس پر توجہ دی گئی۔ 28 سالہ پنت، جن کے لیے گزشتہ سیزن کچھ خاص ثابت نہیں ہوا تھا، اس بار اپنے بلے سے ناقدین کو جواب دینے کے لیے بے تاب ہیں۔یووراج سنگھ کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ رشبھ اور یووراج کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات ہیں۔ دونوں طویل عرصے سے ایک ساتھ ٹریننگ کرنے کا منصوبہ بنا رہے تھے ، جو بالآخر گزشتہ ہفتے حقیقت کی شکل اختیار کر گیا۔یووراج سنگھ اب ایک بہترین مینٹور کے طور پر ابھرے ہیں۔ انہوں نے ابھشیک شرما، شبھمن گل اور پربھ سمرن سنگھ جیسے کھلاڑیوں کی تکنیک نکھارنے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ یووی کی صحبت پنت کے وائٹ بال کیریئر میں نئی روح پھونک دے گی، کیونکہ پنت نے اگست 2024 کے بعد سے ہندوستان کے لیے کوئی وائٹ بال میچ نہیں کھیلا ہے ۔