یواین آئی
دبئی/آئی سی سی کی تازہ ترین مردوں کی ون ڈے پلیئر رینکنگ میں بنگلہ دیش کے تین گیند باز نمایاں فائدہ اٹھانے والوں میں شامل رہے ہیں۔بنگلہ دیش نے اپنے میدان پر آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں کی سیریز 1-2 سے جیت کر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جس کے بعد فاسٹ بولرز شریف الاسلام، مستفیض الرحمٰن اور تسکین احمد کی رینکنگ میں نمایاں بہتری آئی ہے ۔سیریز کے آخری میچ میں چھ وکٹیں لینے والے شریف الاسلام 10 درجے ترقی کرکے 18ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ مستفیض الرحمٰن 12 درجے بہتری کے ساتھ مشترکہ 25ویں اور تسکین احمد پانچ درجے ترقی کرکے 27ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
بلے بازوں میں توحید ہردوئے نے سیریز میں 154 رنز بنائے ، جن میں 83 رنز کی بہترین اننگز شامل تھی۔ اس کارکردگی کی بدولت وہ سات درجے ترقی کرکے ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں 20ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔افغانستان کے اوپنر رحمان اللہ گرباز نے بھی ہندوستان کے خلاف دھرم شالہ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں شاندار سنچری اسکور کی، جس کے نتیجے میں وہ چھ درجے ترقی کرکے 13ویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔دوسری جانب ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کے درمیان تین میچوں پر مشتمل سیریز کے اختتام کے بعد ٹی20 بین الاقوامی رینکنگ میں بھی تبدیلیاں دیکھنے میں آئیں۔ویسٹ انڈیز نے یہ سیریز 1-2 سے جیتی، جس میں فاسٹ بولر شمار جوزف نے 11 وکٹیں حاصل کرکے پلیئر آف دی سیریز کا اعزاز حاصل کیا۔ وہ 42 درجے ترقی کرکے بولنگ رینکنگ میں 27ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، جبکہ جیسن ہولڈر بھی 11 درجے بہتری کے ساتھ 28ویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔سری لنکا کے لیے بھی مثبت پیش رفت دیکھنے میں آئی۔ کامل مشارا 24 درجے ترقی کرکے بلے بازوں کی فہرست میں 18ویں نمبر پر پہنچ گئے ، جبکہ اسپنرز ونندو ہسارنگا چھ درجے ترقی کرکے آٹھویں اور دنیت ویلالاگے 11 درجے بہتری کے ساتھ مشترکہ 17ویں مقام پر آ گئے ہیں۔