یواین آئی
کینساس سٹی (امریکہ)/فٹبال کی تاریخ کے عظیم ترین گول اسکورز میں شمار ہونے والے ارجنٹینا کے اسٹار لیونل میسی نے الجزائر کے خلاف ہیٹ ٹرک اسکور کرکے فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں جرمنی کے میروسلاو کلوزے کے سب سے زیادہ 16 گولوں کے ریکارڈ کی برابری کر لی ہے ۔کلب اور ملک کے لئے 750سے زائد سینئر گول کرنے والے میسی اب فیفا ورلڈ کپ میں 27 میچوں میں 16 گول کر چکے ہیں۔ اسی تعداد کے گول جرمنی کے میروسلاو کلوزے نے 24 میچوں میں کیے تھے ۔ اس طرح دونوں کھلاڑی مشترکہ طور پر ورلڈ کپ کی تاریخ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے فٹبالر بن گئے ہیں۔میسی فیفا ورلڈ کپ میں ارجنٹینا کے لیے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بھی ہیں۔ ان کے 16 میں سے سات گول قطر میں منعقدہ 2022 ورلڈ کپ میں آئے تھے ، جہاں ارجنٹینا نے عالمی خطاب اپنے نام کیا تھا۔بین الاقوامی فٹبال میں بھی میسی کا ریکارڈ شاندار ہے ۔ انہوں نے 200 بین الاقوامی میچوں میں 120 گول اسکور کیے ہیں اور وہ ارجنٹینا کے سب سے کامیاب گول اسکورر ہیں۔ بین الاقوامی فٹبال میں سب سے زیادہ گول کرنے والوں کی فہرست میں وہ دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ پہلے نمبر پر پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو موجود ہیں۔میسی سے قبل ارجنٹینا کی جانب سے ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ گول کرنے کا اعزاز گیبریل باتیستوتا کے پاس تھا، جنہوں نے 12 میچوں میں 10 گول کیے تھے ۔ ڈیاگو میراڈونا اور گئیلرمو اسٹیبیلے نے آٹھ، آٹھ گول کیے تھے ۔ورلڈ کپ کوالیفائنگ مقابلوں میں بھی میسی نے 72 میچوں میں 36 گول اسکور کیے ہیں۔
ورلڈ کپ میں میسی کا پہلا گول
لیونل میسی نے اپنا پہلا فیفا ورلڈ کپ گول 2006 کے جرمنی ورلڈ کپ میں سربیا و مونٹی نیگرو کے خلاف کیا تھا۔ اس وقت ان کی عمر صرف 18 سال اور 357 دن تھی۔ میسی متبادل کھلاڑی کے طور پر میدان میں آئے اور چند ہی منٹ بعد گول کرکے ارجنٹینا کے سب سے کم عمر ورلڈ کپ گول اسکورر بن گئے ۔جنوبی افریقہ میں منعقدہ 2010 ورلڈ کپ میں میسی پر بہت زیادہ توقعات تھیں، لیکن وہ پورے ٹورنامنٹ میں ایک بھی گول نہ کر سکے ۔ ارجنٹینا کوارٹر فائنل تک پہنچا مگر جرمنی کے ہاتھوں شکست کھا گیا۔ میسی کا واحد نمایاں کردار میکسیکو کے خلاف ایک اسسٹ تھا۔برازیل میں ہونے والے 2014 ورلڈ کپ میں میسی نے شاندار کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے سات میچوں میں چار گول اور ایک اسسٹ کیا اور تقریباً تن تنہا ارجنٹینا کو فائنل تک پہنچایا۔ تاہم فائنل میں جرمنی نے ایک بار پھر ارجنٹینا کو 1-0 سے شکست دے دی۔اس ٹورنامنٹ میں میسی کو بہترین کھلاڑی قرار دے کر گولڈن بال ایوارڈ سے نوازا گیا۔روس میں منعقدہ 2018 ورلڈ کپ میں ارجنٹینا پری کوارٹر فائنل میں فرانس سے ہار کر باہر ہو گیا۔ میسی کا واحد گول نائجیریا کے خلاف آیا، جس کی بدولت ارجنٹینا ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچا۔ اس گول کے ساتھ میسی ورلڈ کپ کی تاریخ میں ایسے پہلے کھلاڑی بن گئے جنہوں نے نوعمری، بیس اور تیس برس کی عمر میں ورلڈ کپ گول اسکور کیے ۔ قطر ورلڈ کپ 2022 میسی کے کیریئر کا سنہری باب ثابت ہوا۔ انہوں نے سات میچوں میں سات گول کیے اور ارجنٹینا کو 36 برس بعد عالمی چیمپئن بنایا۔ فائنل میں فرانس کے خلاف ان کے دو گول فیصلہ کن ثابت ہوئے ۔ میسی ورلڈ کپ کی تاریخ کے پہلے کھلاڑی بنے جنہوں نے ایک ہی ٹورنامنٹ کے چاروں ناک آؤٹ مراحل میں گول کیے ۔ کینساس سٹی میں الجزائر کے خلاف 3-0 کی کامیابی میں میسی نے 17ویں، 60ویں اور 76ویں منٹ میں گول کرکے اپنی پہلی ورلڈ کپ ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ اس کے ساتھ وہ چھ مختلف ورلڈ کپ کھیلنے والے پہلے فٹبالر بھی بن گئے ۔ اس ہیٹ ٹرک کے بعد ان کے ورلڈ کپ گولوں کی تعداد 16 ہوگئی اور انہوں نے میروسلاو کلوزے کے ریکارڈ کی برابری کر لی۔ مزید برآں میسی نے ورلڈ کپ کی تاریخ میں گول اور اسسٹ ملا کر 24 شراکتوں کا نیا ریکارڈ قائم کیا اور برازیل کے لیجنڈ پیلے کے 21 شراکت کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔