سرینگر// جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ہفتے کے روز کہا کہ زیڈ موڑ ٹنل سونمرگ کو سال بھر سیاحت کے لیے کھول دے گی اور اس علاقے کو ایک بہترین سکی ریزورٹ میں تبدیل کرنے کی راہ ہموار کرے گی۔
عمر عبداللہ نے ہفتے کے روز زیڈ موڑ ٹنل منصوبے کی جگہ کا دورہ کیا تاکہ وزیر اعظم کے دورے کی تیاریوں کا جائزہ لیا جا سکے۔
انہوں نے سماجی رابطے گاہ ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، “آج سونمرگ کا دورہ کیا اور وزیر اعظم نریندر مودی کے پیر کو ہونے والے دورے کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ زیڈ موڑ ٹنل کا افتتاح سونمرگ کو سال بھر سیاحت کے لیے کھول دے گا۔ سونمرگ کو اب ایک بہترین سکی ریزورٹ کے طور پر ترقی دی جائے گی”۔
انہوں نے مزید کہا، “مقامی آبادی کو سردیوں میں نقل مکانی نہیں کرنی پڑے گی اور سرینگر سے کرگل/لیہہ کے سفر کا وقت بھی کم ہو جائے گا”۔
وزیر اعلیٰ نے ٹنل کی جگہ اور سونمرگ کے مناظر کی فضائی تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کیں۔