جموں// رات کے اوقات میں ضرورت مند خواتین کی مدد کرنے اور خواتین منشیات فروشوں پر نظر رکھنے کے لئے ایک اہم قدم کے طور پر، جموں پولیس نے اپنے دائرہ اختیار میں آنے والی جموں شہر کی کئی چوکیوں پر ‘خواتین پولیس اہلکاروں’ کو تعینات کیا ہے۔
ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ یہ پہلی بار ہوا ہے، کہ خواتین کانسٹیبلوں کو رات کے اوقات میں تعینات کیا گیا ہے اور شہری علاقوں میں تعیناتی کی گئی ہے۔
افسر نے بتایا کہ ہر چیک پوائنٹ پر رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک دو خواتین اہلکار تعینات ہوں گی۔
انہوں نے کہا، “اب تک شہر کے علاقے میں 12 نمایاں چیک پوائنٹس پر خواتین اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے جو نہ صرف کسی بھی ناخوشگوار واقعات پر نظر رکھنے کے لیے ہیں بلکہ خواتین کو رات کے اوقات میں خاص طور پر کام کرنے والی خواتین کو زیادہ محفوظ بنانے اور ضرورت مند تنہا سفر کرنے والوں کی مدد کرنے کے لیے قائم کی گئی ہیں”۔
انہوں نے کہا مزید کہاکہ چونکہ ماضی قریب میں خواتین منشیات فروشوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، لیڈی کانسٹیبلز کی تعیناتی سے مشکوک نقل و حرکت پر نظر رکھنے اور غیر قانونی تجارت کو روکنے میں بھی مدد ملے گی۔
ابتدائی طور پر جموں شہر کے اہم داخلی اور خارجی راستوں پر تعیناتی کی گئی ہے، افسر نے مزید کہا، “اگلے مرحلے میں دیہی علاقوں میں خواتین کانسٹیبلوں کو تعینات کیا جائے گا”۔
سمگلنگ کے کاروبار میں خواتین کی شمولیت کے ساتھ، منشیات کی سمگلنگ سے نمٹنا زیادہ مشکل ہو گیا ہے لیکن خواتین کانسٹیبلوں کی تعیناتی سے یقینی طور پر اس لعنت کو روکنے میں مدد ملے گی۔
جموں شہر میں شبانہ چیک پوسٹوں پر خواتین کانسٹیبل تعینات