پوری دنیا نے جی 20 میٹنگ کے دوران جموں وکشمیر کی سماجی و اقتصادی ترقی کا مشاہدہ کیا: لیفٹیننٹ گورنر

یو این آئی

سری نگر// جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعرات کے روز کہاکہ جی ٹونٹی اجلاس کے دوران پوری دنیا نے جموں وکشمیر کی اقتصادی اور سماجی ترقی دیکھی۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے گاندربل میں پل کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ایل جی نے جموں وکشمیر کے لوگوں کو جی ۔20 کے کامیاب اجلاس کے لئے مبارک باد دی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،” پوری دنیا نے جی ۔20ٹوراِزم ورکنگ گروپ میٹنگ کے دوران جموں وکشمیر کی سماجی و اقتصادی ترقی کا مشاہدہ کیا ہے ۔ہماری مسلسل کوشش تیز جامع ترقی اور سیاحتی شعبے کو فروغ دینے کے لئے پور ی دُنیا کی توجہ اپنی جانب مبذول کر رہی ہے۔“انہوں نے کہا کہ سری نگر میں 27ممالک کے 57 مندوبین کے تین روزہ اِجلاس نے لوگوں میں نیا جوش اور نیا اعتماد پیدا کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جس طرح سے سماج کے ہر طبقے نے جی۔20 ایونٹ میں جوش و خروش سے شرکت کی کی وہ نئے اور ابھرتے ہوئے جموں وکشمیر کے عروج کی علامت ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،” جی۔20 اِجلاس جموں وکشمیر یوٹی کے لوگو کے لئے ایک کوشی کا موقعہ تھا اور زبردست ردِّعمل ، شرکت اور کامیابیاں ہمارے شہریوں کی محنت کی وجہ سے ممکن ہوئی ہیں او رانہوں نے اِجتماعی طور پر دُنیا میں جموں وکشمیر کی شبیہہ کو واضح کیا ہے۔“انہوں نے کہا کہ جی۔20 اجلاس ایک نئے دور کا آغاز ہے اور اس نے امن اور ترقی کے بے پناہ اِمکانات کا دروازہ کھولا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایونٹ کے اِرد گرد کی تقریبات جموں وکشمیر میں ہونے والی تبدیلی کی عکاسی تھی۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ برس 300سے زیادہ فلموں کی فلم بندی سے سیاحت اور فلمی شعبے میں تیزی آرہی ہے اور 1.88 کروڑ سیاحوں نے جموں وکشمیر یوٹی کا دورہ کیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے گاندربل میں جاری ترقیاتی کاموں اور ضلع میں سرکاری فلاحی سکیموں کے بارے میں بھی بات کی ۔انہوں نے جموں وکشمیر کی ترقی میں ممتاز سیاسی شخصیت مرحوم شیخ عبدالجبار کے بے پناہ تعاون کو بھی یاد کیا۔انہوں نے ماتا کھیر بھوانی میلہ اور شری اَمرناتھ جی یاترا کے دوران گاندربل کے لوگوں کے مسلسل تعاون کے لئے ان کا شکر یہ ادا کیا۔