یو این آئی
جموں// بی جے پی کے جموں و کشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ کا کہنا ہے کہ دویندر سنگھ رانا کے انتقال پر پورا جموں و کشمیر سوگوار ہے۔انہوں نے کہا، ’دویندر سنگھ رانا جی جموں و کشمیر کے لوگوں کے دلوں میں ہمیشہ موجود رہیں گے۔
بتادیں کہ بی جے پی کے سینئر لیڈر اور نگروٹہ نشست کے رکن اسمبلی دویندر سنگھ رانا گذشتہ رات دلی کے ایک ہسپتال میں انتقال کر گئے۔
رویندر رینہ نے یہاں ان کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا، ’دویندر سنگھ رانا جی جموں وکشمیر کے جانباز لیڈر تھے اور وہ جموں وکشمیر کی ایک بلند آواز کے طور پر مانے جاتے تھے‘۔
انہوں نے جذباتی ہو کر کہا، ’ان کے اچانک انتقال پر پورا جموں وکشمیر سوگوار ہے، وہ سماج کے ہر طبقے کے لوگوں کا درد رکھنے والے لیڈر تھے‘۔
ان کا کہنا تھا، ’اگر چہ آج وہ جمسانی طور پر ہمارے درمیان موجود نہیں ہیں لیکن وہ لوگوں کے دلوں میں وہ ہمیشہ زندہ رہیں گے‘۔
رینہ نے کہا کہ دویندر سنگھ رانا کے انتقال سے جو خلا پیدا ہوا ہے اس کا پُر ہونا مشکل ہے۔ انہوں نے کہا: ’وہ بالا لحاظ مذہب و ملت لوگوں کی بے لوث خدمت کرتے تھے‘۔
ان کا کہنا تھا، ’انہوں نے حالیہ انتخابات میں نگروٹہ سیٹ پر سب سے بڑی جیت حاصل کی‘۔