عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ہفتہ کو کہا کہ وادی میں سیاحوں کی آمد بڑھانے میں اس سیزن بھی برف باری سب سے اہم کردار ادا کرے گی، جبکہ رواں سال سیاحت کے شعبے کے لیےخاصا مشکل ثابت ہوا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جہاں کہیں بھی بزنس ٹو بزنس سرگرمیاں ہوتی ہیں، وہاں سیاحت کے شعبے کو فائدہ پہنچتا ہے، مگر ’’تشہیر اور مارکیٹنگ سیاحت کی ترقی میں سب سے بڑا حصہ رکھتی ہیں‘‘۔
انہوں نے کہا کہ 2025 کا سال خطے کی سیاحتی صنعت کے لیے نیک شگون نہیں رہا۔ ’’چاہے وہ پہلگام کا واقعہ ہو، دہلی دھماکہ ہو یا نوگام کا واقعہ ہو ،اِن تمام واقعات نے رواں برس کشمیر کی سیاحتی صنعت کو بری طرح سے متاثر کر کے رکھ دیا ہے ۔انھوں نے کہا نومبر کا مہینہ بھی خشک ہی گز ر گیا ہم اب دسمبر میں اچھی برف باری کی امید لگائے بیٹھے ہیں۔‘‘
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ سیاح اب بھی پہلگام سمیت وادی کے مختلف مقامات کا رخ کر رہے ہیں، تاہم تازہ برف باری سے سرمائی سیزن کے امکانات میں نمایاں بہتری آئے گی۔انہوں نے کہا کہ اس سیزن کشمیر کی سیاحت کو بڑھاوا دینے کے لیے برف باری کلیدی حیثیت رکھتی ہے اور انہیں امید ہے کہ اس سال کرسمس اور نئے سال کے موقع پر حالات بہتر رہیں گے۔
کشمیر کی سیاحت میں جان ڈالنے کیلئے برف باری بے حد اہم: وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ