عشرت حسین بٹ
پونچھ// ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے جندرولہ علاقے میں جنگلی جانور (سور) کے حملے میں سات شہری شدید زخمی ہو گئے، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ یہ واقعہ آج سہ پہر پیش آیا جب مقامی افراد اپنی روزمرہ کی سرگرمیوں میں مصروف تھے۔
ذرائع کے مطابق، زخمیوں میں مرد، خواتین اور بچے شامل ہیں جنہیں فوری طور پر علاج و معالجے کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ زخمیوں کی حالت کے بارے میں ابتدائی معلومات دستیاب نہیں ہیں، تاہم ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ بعض افراد کی حالت نازک ہو سکتی ہے اور انہیں مزید علاج کے لیے بڑے ہسپتال منتقل کیا جا سکتا ہے۔
واقعے کے بعد جندرولہ اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں خوف و دہشت کا ماحول ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ جنگلی جانوروں کے حملے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے بلکہ ماضی میں بھی ایسے حادثات پیش آ چکے ہیں، تاہم محکمہ وائلڈ لائف کی جانب سے اب تک مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے۔