عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جموں میں کل سے شروع ہونے والے بجٹ سیشن کے پیش نظر سیکورٹی ایجنسیاں نہایت الرٹ موڈ میں آ گئی ہیں اور پورے شہر، خصوصاً سول سیکریٹریٹ و اسمبلی کمپلیکس کے گرد حفاظتی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اس بار نہ صرف عمومی سیکورٹی بڑھائی گئی ہے بلکہ ڈیلی ویجروں اور مختلف محکموں کے عارضی ملازمین کی جانب سے ممکنہ احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر تین دائروں پر مشتمل خصوصی سیکورٹی رِنگ قائم کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کو قبل از وقت روکا جا سکے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق، بجٹ سیشن کے دوران وزراء، لیجسلیٹروں، اعلیٰ حکام اور آفیشل مہمانوں کی نقل و حرکت کے دوران کسی بھی قسم کی رکاوٹ، ہنگامہ آرائی یا احتجاج کے امکانات کو مدنظر رکھتے ہوئے پولیس، سی آر پی ایف اور ایس ایس بی کی اضافی کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق اسمبلی کے مرکزی دروازوں، اطراف کی گلیوں، داخلی راستوں اور ہائی وے کنیکشن پوائنٹس پر خصوصی ناکے قائم کیے گئے ہیں جبکہ شہر کے مختلف حساس مقامات پر ڈرون نگرانی بھی بڑھا دی گئی ہے۔ افسران کا کہنا ہے کہ اس بار کسی بھی ممکنہ احتجاجی مارچ کو قبل از وقت روکنے کے لئے شہر کے جنوبی اور شمالی حصوں میں خصوصی چیک پوائنٹس قائم کر دیے گئے ہیں، جہاں آنے جانے والے افراد و گاڑیوں کی مکمل جانچ کی جا رہی ہے۔ سول سیکریٹریٹ کے آس پاس تین سطحی سیکورٹی رِنگ میں پہلا دائرہ بیرونی ناکوں پر رکھا گیا ہے، جہاں عام لوگوں کی اسکریننگ، شناختی کارڈ کی جانچ اور گاڑیوں کی مکمل تلاشی لی جا رہی ہے۔ دوسرا دائرہ اسمبلی کی طرف جانے والی اہم سڑکوں پر قائم کیا گیا ہے، جہاں فورسز کے تیز رفتار رسپانس گروپس تعینات ہیں۔ جبکہ تیسرا اور سب سے مؤثر دائرہ خود اسمبلی کمپلیکس کے اندر اور اس کے اطراف بنایا گیا ہے، جہاں بغیر پاس کسی بھی فرد کو داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ایک سینئر پولیس افسر نے یو این آئی کو بتایا کہ بجٹ سیشن حکومت کی سالانہ حکمتِ عملی کا کلیدی حصہ ہوتا ہے، اس لئے امن و قانون کی صورتحال کو ہر حال میں برقرار رکھنا اولین ترجیح ہے۔
بجٹ سیشن کل صبح سخت حفاظتی حصار میں شروع ہوگا، جبکہ سیکورٹی معاملات پر اعلیٰ سطحی افسران کی میٹنگ آج رات بھی مقرر ہے تاکہ حتمی تیاریوں کا جائزہ لیا جا سکے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لئے کوئی بھی کسر باقی نہیں چھوڑی جائے گی۔
بجٹ سیشن سے قبل جموں شہر میں سیکورٹی ہائی الرٹ، ممکنہ احتجاج کے پیش نظر اضافی دستے تعینات