سیکورٹی فورسز نے ملی ٹنسی کے خاتمے کے لئے آخری مرحلہ شروع کیا ہے: منوج سنہا

یو این آئی

سری نگر//جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پتھر بازی، ہڑتالوں اور تعلیمی اداروں کے بند ہونے کو قصہ ماضی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یونین ٹریٹری میں تین دہائیوں کے ہنگامہ خیز حالات کے بعد جمہوریت پھل پھول رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیکورٹی فورسز نے جموں و کشمیر سے ملی ٹنسی کے نیٹ ورک کی بیخ کنی کے لئے آخری حملہ شروع کیا ہے۔
موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار پیر کو یہاں شیر کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم میں پرچم کشائی کے بعد اپنے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ’ہمارے سیکورٹی فورسز ہمسایہ ملک کی جموں و کشمیر میں امن کی صورتحال کو بگاڑنے کی تمام کوششوں سے پیشہ ورانہ طریقے سے نمٹ رہے ہیں‘۔
ان کا کہنا تھا: ’ہمارے سیکورٹی فورسز یونین ٹریٹری میں امن قائم کرنے کے لئے دن رات کام کر رہے ہیں‘۔
مسٹر سنہا نے کہا کہ کشمیر میں پتھر بازی، ہڑتال اور تعلیمی اداروں کا بند ہونا اب قصہ ماضی بن کے رہ گیا ہے یہاں سال کے365 دنوں میں سے 100 دن ہڑتال رہتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ان ہڑتالوں سے یہاں کی تجارت، تعلیم اور دوسرے شعبے متاثر ہوجاتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب یہاں بازار شام دیر گئے تک کھلے رہتے ہیں اور سڑکوں پر بھی رات دیر گئے تک ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل جاری رہتی ہے۔
موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ اب یہاں لوگوں میں کسی قسم کا کوئی خوف و ڈر نہیں ہے اور عام لوگوں راحت کی سانس لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو گمراہ کرنے کی کوششوں اور منفی پروپگنڈے کا سیکورٹی فورسز اور انتظامیہ کی طرف سے بھر پور جواب دیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیکورٹی فورسز نے ملی ٹنسی کے نیٹ ورک کی بیخ کنی کے لئے آخری حملہ شروع کیا ہے۔
ہر گھر ترنگا مہم کے حوالے سے بات کرتےہوئے مسٹر سنہا نے کہا کہ ترنگا لہرانے کی مہم میں جوش و جذبے کا مظاہرہ کرنے کے لحاظ سے جموں و کشمیر ملک میں سر فہرست رہا۔
انہوں نے کہا: ’نوجوان اس مہم میں صف اول میں رہے اور ان میں کافی جوش و جذبہ دیکھا گیا‘۔
ان کا کہنا تھا: ’جموں وکشمیر کے نوجوانوں کو فیصلہ کرنا ہے کہ وہ پچیس سال بعد یونین ٹریٹری کو کہاں دیکھنا چاہتے ہیں‘۔
مسٹر سنہا نے کہا کہ نوجوانوں پر جموں و کشمیر کے مستقبل کو تشکیل دینے کی سب سے زیادہ اور بڑی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا: ’نوجوانوں کے بڑے خواب ہیں اور وہ اس راستے پر گامزن ہیں جہاں ان کے یہ خواب شرمندہ تعبیر ہوسکتے ہیں‘۔
انتظامیہ کی طرف سے شروع کئے جانے والے ترقیاتی کاموں کا تذکرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر میں تعمیر و ترقی کو یقینی بنانے کے لئے امن بے حد ضروری ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہماری انتظامیہ جموں وکشمیر کو ترقی کے محاظ پر نئی بلندیوں تک لے جانے اور اس کی شان رفتہ کو بحال کرنے کے لئے پر عزم ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر ملک کا تاج ہے اور رہے گا۔