’سیاسی مخالفین بھوکھلاہٹ کا شکار‘ فرضی جھڑپوں میں لوگوں کو مروانے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا:بخاری

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر// اپنی پارٹی کے قائد سید محمد الطاف بخاری نے کہا کہ جب اْن کی جماعت بر سر اقتدار آئے گی تو اْن علاقائی جماعتوں اور ان کے رہنماؤں سے حساب مانگا جائے گا جو جموں کشمیر میں معصوم لوگوں کی ہلاکتوں میں ملوث رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنی پارٹی کی سرکار ان بے رحم سیاسی لیڈروں کو اْن کے کیفر کردار تک پہنچائے گی۔ بٹہ مالو حلقہ انتخاب کے مجہ گنڈ علاقے میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے الطاف بخاری نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ سرینگر حلقہ کے لئے لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کے اْمیدوار محمد اشرف میر کو ووٹ دیکر کامیاب بنائیں۔روایتی سیاسی جماعتوں اور ان کے رہنماؤں کو شدید الفاظ میں ہدفِ تنقید بناتے ہوئے بخاری نے عہد کیا کہ ’’ جب اپنی پارٹی اقتدار میں آئے گی، تو وہ اس بات کو یقینی بنائے گی کہ جعلی مقابلوں میں ملوث جماعتوں اور رہنماؤں کو ان کے کیفر کردار تک پہنچادیا جائے۔‘‘

 

اپنی پارٹی کے سربراہ مرکزی وزیر داخلہ کے حالیہ انکشافات کا حوالہ دے رہے تھے، جس میں وزیر داخلہ نے انکشاف کیا کہ ماضی میں فرضی انکاؤنٹر میں لوگوں کو مروانے میں این سی، پی ڈی پی اور کانگریس ملوث رہی ہیں۔انہوں نے کہا’’ ہم حقائق سے پردہ اٹھائیں گے اور اس طرح کے بھیانک جرائم میں ملوث افراد کا احتساب کریں گے۔‘‘بخاری نے کہا کہ اپنی پارٹی جموں و کشمیر کے لوگوں کو سیاسی اور معاشی بااختیار بنانے کو یقینی بنائے گی۔ ہم جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت کو بحال کریں گے۔ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ہمارے قید نوجوان اپنے گھر والوں کے پاس واپس آئیں۔ ہم اپنی نوجوان نسل کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے یہاں روزگار کے مواقع پیدا کریں گے۔ اس موقع پر پارٹی کے سینئر نائب صدر غلام حسن میر نے کہا، ’’یہ پارٹی مارچ 2020 میں قائم کی گئی تھی، یعنی ایک ایسے وقت میں جب جموں و کشمیر کے لوگ آرٹیکل 370 کی منسوخی کی وجہ سے شدید پریشانی میں تھے۔ اس وقت، لوگ خوفزدہ تھے اور اْنہیں یہ خدشہ لاحق تھا کہ جموں و کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کی جائے گی اور اس کے نتیجے میں یہاں کے لوگ اپنی شناخت کھو بیٹھیں گے اور ساتھ ہی یہاں ملازمتوں اور زمین کے خصوصی حقوق سے بھی محروم ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا لکہ بدقسمتی سے، روایتی سیاستدان جو گزشتہ 70 سالوں سے اقتدار میں رہے ہیں، نے اس آزمائش کی گھڑی میں عوام کا ساتھ چھوڑ دیا۔انہوں نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی یکساں طور پر آرٹیکل 370 کے خلاف رہے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’کانگریس نے کئی دہائیوں کے دوارن آرٹیکل 370 کو مکمل طور پر کھوکھلا کیا تھا جبکہ بی جے پی نے اسے ایک جھٹکے میں اور ہمیشہ کے لیے ختم کیا۔ سرینگر حلقہ سے پارلیمانی انتخابات کے لئے پارٹی کے امیدوار محمد اشرف میراور دیگر لیڈران نے بھی ریلی سے خطاب کیا۔