کیا یہ ملک شریعت پر چلے گا؟ ملک میں یکساں سول کوڈ نافذ کیا جائیگا، مودی کی گارنٹی:امیت شاہ

عظمیٰ نیوز سروس

نئی دہلی// مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعہ کو کہا کہ مرکز میں بی جے پی کی قیادت والی حکومت ملک میں یکساں سول کوڈ (یو سی سی)نافذ کرے گی کیونکہ یہ وزیر اعظم نریندر مودی کی ضمانت ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ مودی حکومت نے ملک میں نکسل ازم اور دہشت گردی کو ختم کردیا ہے۔بھوپال میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ2019 میں مودی حکومت نے آرٹیکل 370 کو صرف ایک جھٹکے میں منسوخ کر دیا، راہل بابا ڈر گئے اور کہا کہ خون کی ندیاں بہیں گی لیکن راہول بابا، یہ کانگریس کی حکومت نہیں ہے مودی حکومت ہے۔شاہ نے کہا کہ کسی میں ایک پتھر مارنے کی بھی ہمت نہیں ہے، لہو کی ندیوں کی تو بات ہی نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ کیا یہ ملک شریعت پر چلے گا؟ ۔شاہ نے کہا کہ کانگریس کا منشور پرسنل لا کو آگے لے جانے کی بات کرتا ہے، جو ملک کو تقسیم کرنے کے بارے میں ہے۔انہوں نے کہا”سب سے پہلے، میں ووٹروں سے اپیل کرنا چاہوں گا کہ وہ ایک ایسی پارٹی کو منتخب کریں جو اپنے الفاظ پر قائم رہے ،ایک محفوظ اور خوشحال ملک اور غریبوں کی فلاح و بہبود کے لیے،کانگریس کا منشور پرسنل لا کو آگے لے جانے کی بات کرتا ہے۔ میں راہل گاندھی سے پوچھنا چاہتا ہوں، کیا اب یہ ملک شریعت کے مطابق چلے گا؟ ۔امت شاہ نے زور دے کر کہا کہ ہمارا آئین سیکولر ہے، زمین کے قوانین مذہب کی بنیاد پر نہیں بنائے جا سکتے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ بی جے پی نے اپنے منشور میں واضح طور پر کہا ہے کہ وہ یکساں سول کوڈ (یو سی سی)لائے گی۔