کنگن/کنگن کا شیخُ العالم اسٹیڈیم ان دنوں ایک تہوار کا منظر پیش کر رہا ہے، جہاں وادیٔ سندھ میں نعروں کی گونج سنائی دے رہی ہے اور کنگن پریمیئر لیگ (KPL) نے اس مقام کو کرکٹ اور عوامی جوش و خروش کے ایک شاندار مرکز میں بدل دیا ہے۔
ایک دہائی قبل چند محلوں کی ٹیموں کے درمیان ایک چھوٹے ناک آؤٹ ٹورنامنٹ کے طور پر شروع ہونے والا یہ مقابلہ آج جموں و کشمیر، بالخصوص ضلع گاندربل کا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا سمر ایونٹ بن چکا ہے۔ ایک ایسے خطے میں جہاں نوجوانوں کو محدود مواقع کا سامنا رہتا ہے لیکنKPLنے نوجوانوں میں اک نیا جوش بھر دیا ہے۔
مقامی منتخب نمائندوں، سول و پولیس انتظامیہ، کرکٹ شائقین اور رضاکاروں کی بھرپور حمایت نے اس ٹورنامنٹ کو مزید دلچسپ بنا دیا ہے۔ 2026 ایڈیشن میں 20 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جن میں وسطی اور شمالی کشمیر کے کھلاڑی شامل ہیں، جبکہ مقامی تاجروں اور یوتھ کلبوں کی جانب سے اسپانسرشپ بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ میچز سوشل میڈیا پر براہ راست نشر کیے جا رہے ہیں جن میں کشمیری اور اردو زبان میں تبصرہ بھی شامل ہے۔
کنگن کرکٹ بورڈ (KCB) کے زیر اہتمام منعقد ہونے والا یہ ٹورنامنٹ خطے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی کئی بے روزگار نوجوانوں کو بھی مختلف ذمہ داریاں جیسے کہ ہجوم کو منظم کرنا، اسکورنگ اور امپائرنگ سونپی گئی ہیں، جس کے عوض انہیں معاوضہ دیا جا رہا ہے، یوں یہ اقدام روزگار کے مواقع بھی پیدا کر رہا ہے۔
اگرچہ وادی کے معروف کرکٹرز بھی مختلف ٹیموں کا حصہ ہیں، تاہم کھلاڑیوں اور مقامی افراد کے مطابق بنیادی ڈھانچے کی کمی اب بھی ایک چیلنج بنی ہوئی ہے۔ میدان کی حالت غیر ہموار ہے، ڈریسنگ روم عارضی خیموں پر مشتمل ہیں، اور کھیل کے میدان کی ترقی کی ضرورت شدت سے محسوس کی جا رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ کنگن پریمیئر لیگ 2026 کا افتتاح بدھ کے روز شیخُ العالم اسٹیڈیم میں بڑے جوش و خروش کے ساتھ ہوا۔ افتتاحی میچ رائل گڈول اور ویلی اسٹارز گاندربل کے درمیان کھیلا گیا، جسے دیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔
افتتاحی تقریب میں ایم ایل اے کنگن میاں مہار علی، ایس ڈی پی او کنگن راجیو رائنا، ایس ایچ او کنگن یونس احمد خان اور کنگن کرکٹ بورڈ کے صدر پیرزادہ اشرف سمیت دیگر معززین اور کھیل کے شوقین افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر میاں مہار علی نے اپنے خطاب میں کھیلوں کے فروغ کے لیے اپنی وابستگی کا اعادہ کیا اور کہا کہ وہ نوجوان ٹیلنٹ کو آگے بڑھانے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔
کنگن کرکٹ بورڈ کے صدر پیرزادہ اشرف نے تمام شراکت داروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ٹورنامنٹس ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں۔
افتتاحی تقریب میں مقامی افسران، کمیونٹی لیڈرز اور سابق کرکٹرز نے بھی شرکت کی اور اس اقدام کو نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں مصروف رکھنے کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا۔
وادیٔ سندھ میں کرکٹ کا جنون، ”کے پی ایل“ نے اسٹیڈیم کو بنا دیا عوامی مرکز