عظمیٰ ویب ڈیسک
راجوری/جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰعمر عبداللہ نے منگل کو شری ماتا ویشنو دیوی انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل ایکسی لینس (SMVDIME) میں میرٹ کی بنیاد پر ہونے والے داخلوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی آئین کے تحت نشستوں کی تقسیم مذہب کی بنیاد پر ممکن نہیں۔انہوں نے کہا، ’’جب یونیورسٹی میں میڈیکل کالج قائم کرنے کا فیصلہ ہوا تھا، تب ہی یہ واضح تھا کہ نشستیں مذہب کی بنیاد پر تقسیم نہیں ہوسکتیں۔ منظوری نیٹ کی بنیاد پر دی گئی تھی، اور نیٹ کا واحد معیار میرٹ ہے۔‘‘عمرعبداللہ نے کہا کہ جن طلبہ نے نیٹ کے ذریعے داخلہ حاصل کیا ہے، انہیں اب صرف ان کے مذہب کی وجہ سے نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ’’نہ قانون، نہ آئین، اور نہ ہی یونیورسٹی کی پالیسی اس بات کی اجازت دیتی ہے کہ مذہب کی بنیاد پر داخلہ روکا جائے۔‘‘
عمر عبداللہ نے میڈیکل کالج میں مذہبی تفریق کی کوششوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ داخلے کا واحد معیار میرٹ ہے۔انہوں نے کہا، ’’اگر آپ مذہب کی بنیاد پر نشستیں تقسیم کرنا چاہتے ہیں، تو پھر گرانٹ اور مفت فراہم کی گئی زمین چھوڑنی ہوگی ان سب کا خرچ اپنی جیب سے ادا کرنا ہوگا۔ تب ہی یونیورسٹی کے قوانین میں ترمیم کرکے کسی مخصوص مذہب کے لیے نشستیں مخصوص کی جاسکتی ہیں، اور ہمیں اس پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔‘‘
جموں میں ایک صحافی کے گھر کی مسماری کے معاملے پر عمر عبداللہ نے کہا کہ یہ معاملہ ان کے دائرہ اختیار سے باہر ہے۔ ’’میں نے سرینگر میں بھی کہا تھا کہ یہ ہمارے ہاتھ میں نہیں۔ جنہوں نے متعلقہ افسر کو مقرر کیا اور یہ قدم اٹھایا، سوالات انہیں سے پوچھے جائیں۔‘‘
پیر پنچال خطے میں سڑکوں کی خستہ حالی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال جاری تعمیراتی کاموں کی وجہ سے ہے۔’’سڑکیں اس لیے خراب نہیں کہ کام نہیں ہورہا بلکہ اس لیے کہ کام جاری ہے۔ سڑک کی کشادگی، فورلیننگ اور ٹنل پروجیکٹس چل رہے ہیں۔ جہاں ٹنل کام ہو رہا ہے وہاں موجودہ سڑکوں کی دیکھ ریکھ ہونی چاہیے۔‘‘
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے سرینگر سے مغل روڈ کے ذریعے بفلیاز اور پونچھ کا راستہ اختیار کیا اور سڑکوں کی حالت دیکھی۔انھوں نے کہا ’میں صبح 6 بجکر 30 منٹ پر سرینگر سے نکلا اور مغل روڈ سے آیا، تمام صورتحال کا خود جائزہ لیا۔ میں یہ معاملہ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کے سامنے اٹھاؤں گا کیونکہ یہ سڑکیں بارڈر روڈز آرگنائزیشن کے زیرِ انتظام ہیں۔‘‘سرحدی علاقوں میں حفاظتی انتظامات پر انہوں نے کہا کہ بنکر تعمیر کا کام جاری ہے۔’’ہماری ترجیح ہے کہ سرحدوں پر امن برقرار رہے۔ کمیونٹی اور انفرادی دونوں قسم کے بنکر تعمیر کیے جارہے ہیں۔‘‘وزیر اعلیٰنے پونچھ کے ایم ایل اے اعجاز احمد جان کے گھر جاکر ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت بھی پیش کی۔
داخلوں کا واحد معیار میرٹ، مذہب کی کوئی گنجائش نہیں: عمر عبداللہ