عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے رانجی ٹرافی میں جموں وکشمیر کی تاریخی جیت کو عوام کے لیے طویل عرصے بعد غیر معمولی خوشی کا لمحہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس شاندار کامیابی نے نہ صرف ریاست کے لوگوں کے دل جیت لیے ہیں بلکہ اُن تمام طاقتوں کو بھرپور جواب دیا ہے جو مذہبی بنیادوں پر معاشرے کو تقسیم کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔
محبوبہ مفتی نے اپنے بیان میں کہا کہ ٹیم کی یہ کامیابی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ جب ہم ایک ساتھ کھڑے ہوتے ہیں تو کوئی بھی چیلنج ہمارے لیے بڑا نہیں رہتا۔ ’اس ٹیم میں ہندو اور مسلمان کھلاڑیوں نے مل کر میدان میں ایسا اتحاد اور مشترکہ عزم دکھایا ہے جو دنیا کو یہ پیغام دیتا ہے کہ جموں و کشمیر کی اصل طاقت اس کی یکجہتی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ آج کی فتح ہمیں ایک بار پھر یہ یقین دلاتی ہے کہ اتحاد سے ہی ترقی، خوشحالی اور کامیابی کی راہیں کھلتی ہیں۔ ’ہم ایک ساتھ اُبھرتے ہیں، ایک ساتھ کامیاب ہوتے ہیں، اور آج کی جیت پوری دنیا کو یاد دلا رہی ہے کہ جموں و کشمیر کی روح اور اس کا حوصلہ کبھی ٹوٹ نہیں سکتا۔‘محبوبہ مفتی نے تمام کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس جیت سے نوجوانوں میں کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھنے کا جذبہ مزید مضبوط ہوگا۔
رنجی ٹرافی فتح اتحاد اور ہم آہنگی کی جیت ہے: محبوبہ مفتی