محمد تسکین
بانہال// جموں و کشمیر کے ضلع رام بن کی خوبصورت وادی مہو سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ سوشل میڈیا سٹار شاہد ارشاد نائیک نے انٹرٹینمنٹ کرکٹ لیگ (ای سی ایل) میں جگہ بنا کر نئی تاریخ رقم کر دی۔
شاہد ارشاد کو دہلی ڈائنامکس ٹیم نے ممبئی میں ہونے والی بولی کے دوران 5 لاکھ روپے میں خرید لیا ہے۔
شاہد ارشاد، جو انسٹاگرام پر 4 لاکھ سے زائد فالوورز کے ساتھ ایک مشہور شخصیت ہیں، اپنی منفرد ویڈیوز اور مواد کی وجہ سے سوشل میڈیا پر کافی مقبول ہیں۔ ان کا تعلق ضلع رام بن کی تحصیل کھڑی کے دور افتادہ مگر دلکش علاقے مہو وادی سے ہے۔
شاہد نے سوشل میڈیا پر اپنی موجودگی کو ایک پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کرتے ہوئے نہ صرف شہرت حاصل کی بلکہ اب وہ انٹرٹینمنٹ کرکٹ لیگ میں بھی اپنی شناخت بنانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
ای سی ایل ایک منفرد کرکٹ ٹورنامنٹ ہے جو T-10 فارمیٹ میں کھیلا جاتا ہے۔ اس لیگ کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں سوشل میڈیا پر اثر انداز ہونے والے افراد کو کرکٹ کھیلنے کا موقع دیا جاتا ہے۔ یہ لیگ کرکٹ اور تفریح کو یکجا کرتے ہوئے ان افراد کے چھپے ہوئے کرکٹ ٹیلنٹ کو سامنے لانے کا ایک منفرد پلیٹ فارم ہے۔
شاہد ارشاد اس لیگ میں منتخب ہونے والے صوبہ جموں کے واحد سوشل میڈیا سٹار ہیں۔
ان کی ٹیم دہلی ڈائنامکس، اس لیگ میں چھ ٹیموں میں سے ایک ہے۔ دیگر ٹیموں میں ممبئی ڈسپیٹرز، بنگلور باشرز، چنئی سمیشرز، ہریانوی ہنٹرز اور پنجاب ویر شامل ہیں۔
ای سی ایل کا یہ دلچسپ ٹورنامنٹ اگلے ماہ ممبئی میں شروع ہوگا، جہاں مختلف ٹیمیں اپنی جیت کے لئے مدِ مقابل ہوں گی۔
شاہد ارشاد کے مداح ان کی کامیابی کے لئے پرامید ہیں اور یہ مانتے ہیں کہ وہ نہ صرف اپنے علاقے بلکہ پورے جموں و کشمیر کا نام روشن کریں گے۔
شاہد ارشاد کی یہ کامیابی نہ صرف ان کے لئے بلکہ وادی مہو کے نوجوانوں کے لئے بھی ایک بڑی تحریک ہے، جو مستقبل میں اپنی صلاحیتوں کو دنیا کے سامنے لانے کے لئے مزید مواقع تلاش کریں گے۔