عظمیٰ ویب ڈیسک
رام بن/جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتے کے روز رام بن ضلع کا دورہ کیا اور سیلاب ولینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ خاندانوں کی بازآبادکاری کے لیے مکانات کی فراہمی سے متعلق منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھا۔اس موقعہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایل جی نےکہا کہ ضلعی انتظامیہ نے تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے سرکاری قواعد کے تحت متاثرہ خاندانوں کو ریلیف اور ریسکیو فراہم کیا ہے۔انہوں نے کہا’’ہم جانتے ہیں کہ صرف سرکاری امداد گھروں کی دوبارہ تعمیر کے لیے کافی نہیں۔ ایچ آر ڈی ایس تنظیم کے اشتراک سے رام بن ضلع کے 189 متاثرہ خاندانوں کو اگلے چھ ماہ کے اندر تین کمروں پر مشتمل گھر فراہم کیے جائیں گے۔‘‘
لیفٹیننٹ گورنر نے مزید بتایا کہ ان گھروں کے ساتھ 15 سالہ انشورنس پالیسی، باقاعدہ طبی معائنے اور انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی بھی فراہم کی جائے گی تاکہ متاثرہ خاندان باوقار اور محفوظ زندگی بسر کر سکیں۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ ایسے تمام متاثرہ یا غریب خاندان جن کے نام ابتدائی فہرست میں شامل نہ ہو سکے ہوں، انہیں بھی اس منصوبے میں شامل کیا جائے۔سنہا نے بازآبادکاری کے لیے تعاون پر ایچ آر ڈی ایس کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ ’’اسی نوعیت کے منصوبے دیگر متاثرہ علاقوں، بشمول راجوری اور ادھم پور میں بھی جاری ہیں،‘‘ اور اس بات پر زور دیا کہ جموں و کشمیر بھر میں متاثرہ خاندانوں کے لیے رہائشی ڈھانچے کی تعمیر حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ایل جی سنہا کے مطابق، رام بن میں آج کا یہ اقدام وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے جس کا مقصد سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ تمام خاندانوں کو محفوظ اور مستقل رہائش فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ’’انتظامیہ بازآبادکاری کے عمل کو مؤثر طریقے سے مکمل کرنے اور یہ یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ تمام مستحقین باوقار طور پر اپنی زندگیوں کی ازسرِ نو تعمیر کر سکیں۔‘‘
رام بن کے سیلاب زدہ متاثرین کیلئے تین کمروں پر مشتمل 189مکانات فراہم کیے جائیں گے: ایل جی منوج سنہا