عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہاکہ حالیہ دنوں وزیر داخلہ کے ساتھ ملاقات کے دوران سوپور اور کٹھوعہ معاملات پر بھی بات ہوئی اور شفاف تحقیقات کرنے پر زور دیا۔
انہوں نے کہاکہ ریاستی درجے کی بحالی کو لے کر بھی گفت وشنید ہوئی۔
ان باتوں کا اظہار وزیر اعلیٰ نے گاندربل میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ حالیہ دنوں وزیر داخلہ امیت شاہ کے ساتھ ملاقات کے دوران بہت سارے معاملات پر بات چیت ہوئی ۔
عمر عبداللہ نے کہا :’ سوپور اور بلاور کٹھوعہ میں پیش آئے واقعات کے بارے میں بھی وزیر داخلہ کو آگاہ کیا اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی استدعا کی۔ ‘
انہوں نے مزید بتایا کہ جہاں تک جموں وکشمیر سرکار کا تعلق ہے تو ان دونوں واقعات کی آزادانہ و منصفانہ تحقیقات ہونی چاہئے ۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اگر کسی نے کوئی غلطی کی ہے تو قصورواروں کو سخت سزا ملنی چاہئے۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ ریاستی درجے کی بحالی پر بھی امیت شاہ کے ساتھ بات ہوئی جبکہ بجٹ سیشن کے ساتھ ساتھ دوسرے اہم معاملات پر بھی خوشگوار ماحول میں تبادلہ خیال ہوا۔
اس سے قبل وزیر اعلیٰ نے بیہامہ گاندربل میں آگ متاثرین سے ملاقات کی اور انہیں سرکار کی طرف سے بھر پور معاوضہ فراہم کرنے کا یقین دلایا۔
وزیر داخلہ کے ساتھ ملاقات کے دوران شہری ہلاکتوں کا معاملہ اٹھایا: وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ
