کشمیر میں بارشوں کا سلسلہ شروع، کسان 26 اپریل سے زرعی سرگرمیاں معطل رکھیں: محکمہ موسمیات

File Image

یو این آئی

سرینگر// محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر میں جمعہ کے روز مطلع ابر آلو رہنے کے ساتھ دوپہر سے گرج چمک کے ساتھ رک رک کر بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا۔
محکمے نے کسانوں سے کہا ہے کہ وہ 26 اپریل سے اپنے کھیت کھلیانوں اور باغوں میں آپریشنز کو معطل رکھیں۔
متعلقہ محکمے کے مطابق وادی میں 26 اور 27 اپریل کو ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں کا امکان ہے اور اس دوران کچھ مقامات پر ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں 28 اور 29 اپریل کو پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری یا بھاری بارشیں جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں کا امکان ہے اور اس دوران کئی مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعد ازاں 30 اپریل کو بھی کچھ مقامات پر ہلکی بارشوں کا امکان ہے۔
محکمے نے ایک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کسانوں سے کہا ہے کہ وہ 26 اپریل سے اپنے کھیت کھلیانوں اور باغوں میں آپریشنز کو معطل رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ 28 اپریل کو پہاڑی علاقوں میں زمینی ٹریفک عارضی طور پر متاثر ہوسکتا ہے جبکہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوسکتا ہے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ اس دوران دریائے جہلم اور دیگر ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

Click here to follow Kashmir Uzma on WhatsApp
دریں اثنا وادی کے شبانہ حرارت میں اضافہ درج ہوا ہے۔

گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 10.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت8.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت4.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت2.7 ڈگری سینٹی گریڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت5.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت2.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت8.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 6.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام س مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت7.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 5.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔