حج 2024|| 9مئی سے 25مئی تک عازمین کی روانگی امسال 3ہزار 264خواتین سمیت 7008مرد شامل

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر//سرینگر سے عازمین حج کی روانگی کا سلسلہ 9مئی سے شروع ہوگا اور یہ سلسلہ 25 مئی تک جاری رہے گا۔ رواں برس 7008 عازمین سفر محمود پر روانہ ہو رہے ہیں۔ حج کمیٹی کے ایگزیکٹیو آفیسر، شجاعت احمد قریشی نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر اور لداخ کے دور دراز اضلاع سے آنے والے عازمین کے قیام و طعام اور دیگر انتظامات کی تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی ہے اور تمام مشینری اور افرادی قوت کو کام پر لگایا جا رہا ہے۔ قریشی نے کہاکہ اس مرتبہ جموں، کشمیر اور لداخ کے کْل عازمین کی تعداد 7008ہے ،جن میں 3 ہزار 264 خواتین عازمین بھی شامل ہیں۔ 38 ایسی خواتین بھی ہیں جو بغیر محرم حج کا فریضہ انجام دینے جا رہی ہیں۔ ایگزیکٹیو آفیسرنے کہا کہ عازمین کی بہتر تربیت کے لئے ا مسا ل 2مرتبہ تربیتی پروگرام کا اہتمام کیا گیا، حالانکہ اس سے قبل ایک ہی مرتبہ تربیتی پروگرام کا اہتمام کیا جاتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ6400عازمین سرینگر ایئر پورٹ سے جدہ کے لیے روانہ ہوں گے جب کہ 500 کے قریب عازمین نے دہلی امیگریشن کا انتخاب کیا ہے اور39عازمین ممبئی سے سفر محمود پر روانہ ہو رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ حج ہائوس سرینگر میں ہی عازمین کی اسکریننگ کے علاوہ کاغذات کی چیکنگ ہوگی۔ فلائت شیڈول سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 9 سے 15 مئی تک یومیہ بنیاد پر 2 پروازیں عازمین کو لے کر جدہ جائیں گی جب کہ 15 سے25 تک روزانہ صرف ایک پرواز سرینگر ایئرپورٹ سے اڑان بھرے گی۔قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل صوبائی کمشنر کشمیر وجے کمار بدھوری نے عازمین حج کی روانگی سے متعلق خصوصی میٹنگ کے دوران انتظامات کا جائزہ لیا۔ میٹنگ میں صوبائی کمشنر نے ڈائریکٹر ایئرپورٹ اتھارٹی کی مناسب عملے کی تعیناتی اور حج ہاوس میں ایکسرے مشینوں سمیت دیگر مشینری کی تنصیب کے علاوہ ایئرپورٹ پر حجاج کرام کو دیگر سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے ایس ایس پی سیکورٹی کو حج ہاوس کے لیے انٹری پاس جاری کرنے کی بھی موقعے پر ہی ہدایت جاری کی جب کہ جنرل مینجر ایس آر ٹی سی سے کہا گیا کہ وہ حج ہاوس بمنہ سے ایئرپورٹ تک عازمین کو لے جانے کے لیے ایس آر ٹی سی بسوں کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔