عظمیٰ ویب ڈیسک
امرتسر// پنجاب پولیس نے بدھ کو ہیروئن ضبطی کے معاملے میں جموں و کشمیر سے پانچ لوگوں کو گرفتار کیا ہے اور ان کے قبضے سے ایک پستول، دو میگزین، 46 کارتوس اور 11.20 لاکھ روپے کی نقدی بھی ضبط کئے گئے ہیں۔
ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (بارڈر رینج) نریندر بھارگو نے کہا کہ پانچوں افراد کو جموں و کشمیر کے بارہمولہ علاقے سے پکڑا گیا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے پاس سے ضبط کی گئی رقم، اسلحہ اور گولہ بارود عسکری سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ ملزمان کی شناخت رویل کٹاریہ، امتیاز احمد، نفیض، مختیار احمد اور فیاض احمد کے طور پر ہوئی ہے، جو تمام بارہمولہ کے رہنے والے ہیں۔
اُنہوں نے بتایا کہ پانچوں افراد کی گرفتاری ان تین افراد سے پوچھ گچھ کے بعد عمل میں آئی جنہیں 27 جولائی کو پنجاب کے گرداس پور سے 18 کلو گرام ہیروئن کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا۔
بھارگو نے کہا کہ پولیس نے فوج کی مدد سے بارہمولہ کے علاقے سے پانچ افراد کو پکڑنے کے لیے آپریشن شروع کیا تھا۔