بارہمولہ میں 7 پاک مقیم ملی ٹینٹوں کی جائیداد قرق: پولیس

عظمیٰ ویب ڈیسک

بارہمولہ//جموں و کشمیر پولیس نے منگل کو شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں پاکستان میں مقیم سات عسکریت پسندوں کی جائیداد ضبط کر لی ہے۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ بارہمولہ میں ایڈیشنل سیشن کورٹ بارہمولہ کے ذریعے قرقی کے احکامات حاصل کرنے کے بعد پاکستان میں مقیم شبیر احمد صوفی ولد گل صوفی ساکنہ شیخ پورہ، غلام نبی اعلائی ولد محمد سلطان سکنہ وارپورہ پائین، غلام نبی شیخ ولد غلام محی الدین سکنہ وارپورہ بالا، شریف الدین چوپان ولد ستار چوپان، گلہ شیخ ولد غلام محمد دونوں سکنہ ریسی پورہ اتھوڑہ، محمد رفیق خان ولد عبدالاحد سلوسہ کا رہائشی اور ابو حمید پارے ولد محمد اکبر ساکنہ فراستھر تلگام کے نام سے درج لاکھوں روپے مالیت کی جائیداد (13 کنال) اراضی ضبط کر لی گئی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ یہ کارروائی سی آر پی سی کی دفعہ 88 کے تحت کی گئی ہے اور اس کا تعلق EIMCO ایکٹ، 121 آر پی سی ، 7/25 انڈین آمز ایکٹ، 13 یو اے (پی) ایکٹ کے تحت پولیس تھانہ کریری میں درج ایک مقدمہ ایف آئی آر نمبر 04/2008 سے ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ پولیس کی طرف سے کی گئی تفتیش/تحقیقات کے دوران اس جائیداد کی شناخت ملی ٹینٹوں کی جائیداد کے طور پر ہوئی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ آپریشن ملی ٹینسی کی سرگرمیوں سے نمٹنے کے لیے پولیس کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔