عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر کے ضلع گاندر بل میں پولیس نے ایمرجنسی ریسپانس سپورٹ سسٹم (ERSS-112) کے بار بار غلط استعمال پر ایک شخص کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے اسے حراست میں لے لیا ہے۔پولیس کے ایک ترجمان نے بیان میں کہا کہ گزشتہ روز 02.02.2026 کو شام تقریباً 8 بجے پولیس پوسٹ شادی پورہ کو پی سی آر گاندر بل کے ذریعے ERSS-112 سے اطلاع موصول ہوئی کہ ایک کالر پرویز احمد نے اپنی اہلیہ پر حملے کی اطلاع دیتے ہوئے فوری پولیس مداخلت کی درخواست کی ہے۔اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے شکایت کنندہ سے رابطہ کیا اور دی گئی جگہ پر پولیس پارٹی روانہ کی۔ تاہم موقع پر پہنچنے پر معلوم ہوا کہ کالر نے اپنا موبائل فون بند کر رکھا تھا۔ بعد ازاں کی گئی تصدیق سے یہ بات سامنے آئی کہ شکایت جھوٹی اور گمراہ کن تھی۔
بیان کے مطابق مزید تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ کالر پرویز احمد سعید ولد غلام احمد سعید ساکن نارائن باغ ایک عادی مجرم ہے جو اس سے قبل بھی متعدد مرتبہ جعلی ایمرجنسی کالز کر چکا ہے، جن میں جنوری 2026 کے دوران ERSS-112 کے ذریعے کی گئی تین جھوٹی شکایات بھی شامل ہیں۔ اس کے اقدامات دانستہ تھے، جن کا مقصد بلا وجہ خوف و ہراس پیدا کرنا اور پولیس کی توجہ حقیقی ایمرجنسیز سے ہٹانا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس کی اہلیہ اور دیگر اہل خانہ کے بیانات کی بنیاد پر، اور ایمرجنسی سروسز کے بار بار غلط استعمال کے پیش نظر، مذکورہ شخص کو پولیس پوسٹ شادی پورہ میں قانون کی تادیبی دفعات کے تحت حراست میں لیا گیا ہے تاکہ ERSS-112 ایمرجنسی نظام کی حرمت اور اہمیت کو برقرار رکھا جا سکے۔
گاندر بل پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ERSS-112 کا استعمال صرف حقیقی ایمرجنسیز کے لیے کیا جائے۔ بیان میں کہا گیا کہ اس اہم سروس کا غلط استعمال نہ صرف قانونی نتائج کا باعث بنتا ہے بلکہ حقیقی ضرورت مندوں تک بروقت امداد پہنچانے میں بھی رکاوٹ بنتا ہے۔ پولیس نے شہریوں سے ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنے اور امن و امان برقرار رکھنے میں تعاون کی اپیل کی ہے۔
گاندر بل میں ڈائل 112کے غلط استعمال پر پولیس کی کارروائی، ہوکس کالر حراست میں