عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی// وزیر داخلہ امت شاہ نے بدھ کو جموں و کشمیر کے عوام سے اپیل کی کہ وہ علیحدگی پسندی اور بے روزگاری کے خلاف ووٹ دیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام بڑی تعداد میں ووٹ ڈالیں تاکہ ایک ایسی حکومت تشکیل دی جا سکے جو نوجوانوں کی تعلیم، روزگار، خواتین کی خود مختاری اور علیحدگی پسندی کا خاتمہ کرے۔
امت شاہ نے مزید کہا کہ ایک مضبوط عزم والی حکومت ہی جموں و کشمیر میں دہشت گردی کا خاتمہ کر سکتی ہے، شہریوں کے حقوق کا تحفظ کر سکتی ہے اور ترقیاتی کاموں کی رفتار بڑھا سکتی ہے۔
انہوں نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا، “میری عوام سے درخواست ہے کہ وہ پہلے ووٹ ڈالیں، پھر ناشتہ کریں”۔
جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کا آغاز آج ہوا ہے، یہ انتخابات دفعہ 370 کے خاتمے کے بعد پہلی بار ہورہے ہیں۔ پہلے مرحلے میں سات اضلاع کی 24 نشستوں پر ووٹنگ ہو رہی ہے، جس میں سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔
آخری اسمبلی انتخابات 2014 میں ہوئے تھے۔ اس بار 23 لاکھ سے زائد ووٹرز 219 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے، جن میں 90 آزاد امیدوار بھی شامل ہیں۔ دوسرے دو مراحل 25 ستمبر اور 1 اکتوبر کو ہوں گے، جبکہ ووٹوں کی گنتی 8 اکتوبر کو ہوگی۔