عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں وکشمیر کے 12ویں وزیر اعلیٰ کی دسویں برسی پر بجبہاڑہ اننت ناگ کے دارالشکوا ان کے مقبرے پر پی ڈی پی کی جانب سے تقریب کا اہتمام ، لیڈروں ، کارکنوں کی بڑی تعداد نے اس تقریب میں شرکت کے دوران سابق وزیر اعلیٰ کی قبر پر پھول نچھاور کئے ۔ دعائے مجلس کا اہتمام کیا گیا اور سابق وزیر اعلیٰ کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے پارٹی صدر اور دیگر لیڈروں نے کہا کہ پی ڈی پی کے بانی نے ہمیشہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو مصائب و مشکلات سے باہر نکالنے ، انہیں ترقی کی منزلوں پر لیجانے کیلئے اپنی خدمات انجام دیں۔
پی ڈی پی کے بانی وزیر اعلیٰ مرحوم مفتی محمد سعید کی 10ویں برسی پر دریائے جہلم کے کنارے دارالشکوا بجبہاڑہ میں پی ڈی پی کی جانب سے تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ اس تقریب میں پی ڈی پی کے لیڈران ، ممبران اسمبلی ، سابق وزراء اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ مرحوم کی قبر پر فاتحہ خوانی کی گئی اور گلہ باری کی گئی ۔ اس موقعہ پر سابق وزیر اعلیٰ کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے پارٹی کی صدر نے کہا کہ پی ڈی پی کا قیام صرف اس لئے عمل میںلایا گیا کہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو اُس دلدل سے باہر نکالا جاسکے جس میں 2002سے پہلے پھس کر رہ گئے تھے ۔
سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا کہ وہ جنگلوں بیا بانوں میں گھومی اور جموں وکشمیر کے نوجوانوں کو ہتھیار سے دور رکھنے انہیں قومی دھارے میں شامل کرنے ، جیلوں سے ان کی رہائی عمل میںلانے کیلئے خدمات انجام دیتی رہی اور یہ سب کچھ مرحوم مفتی محمد سعید کے کہنے پر کیا گیا ۔ انہوںنے کہا کہ ٹاسک فورس ، کریک ڈائونوں ، بلا مذہب و ملت گرفتاریوں کے خلاف پی ڈی پی نے اقدامات اٹھائے ۔ 16ممبران کے بل بوتے پر کانگریس کے ساتھ مخلوط حکومت بنائی ، آر پار سٹیٹ سبجیکٹ پر جموں وکشمیر کے لوگوں کو اپنے رشتہ داروں سے ملنے کیلئے اقدامات اٹھائے گئے ، آر پار تجارت شروع ہوئی ۔
پی ڈی پی صدر نے کہا کہ مرحوم مفتی محمد سعید کو ہمیشہ اس بات کا خیال رہتا تھا کہ جموںوکشمیر کے لوگ چھ دہائیوں سے نظر انداز کئے گئے ، انہیں دلدل سے باہر نکالنے کی اشد ضرورت ہے ۔ انہوںنے کہا کہ اگر مرحوم آج زندہ ہوتے تو اس طرح کی صورتحال کسی بھی صورت میں پیش نہیں آتی ۔ سابق وزیر اعلیٰ مرحوم مفتی محمد سعید کی دسویں برسی پر دیگر سیاسی ، سماجی ، مذہبی ، رضاکار تنظیموں نے بھی انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم سیاسی بصیرت کی صلاحیت رکھتے تھے اور اپنے مختصردورِاقتدار میں انہوںنے کئی تاریخی اقدامات بھی اٹھائے جو جموں وکشمیر کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھے جائیں گے ۔
پی ڈی پی کے بانی سابق وزیر اعلیٰ کی 10ویں برسی پر بجبہاڑہ اننت ناگ میں تقریب کا اہتمام