عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/سیکنڈ ایڈیشنل سیشنز جج سری نگر کی عدالت نے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) سری نگر کے خلاف سٹی جج/جوڈیشل مجسٹریٹ فرسٹ کلاس (جے ایم آئی سی) کی جانب سے جاری کیے گئے ازخود (سو موٹو) حکم نامے پر عمل درآمد روک دیا ہے۔عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ وہ اس بات سے مطمئن ہے کہ نظرثانی (ریویژن) درخواست میں ایسے قابلِ غور قانونی سوالات اٹھائے گئے ہیں جن پر مزید غور و خوض ضروری ہے۔
عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ، یہ معاملہ اس وقت تفصیلی جانچ کا متقاضی ہے جب ماتحت عدالت کا ریکارڈ دستیاب ہوگا۔ اس عبوری مرحلے پر، اور تنازع کے میرٹ پر کوئی رائے ظاہر کیے بغیر، عدالت اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ نظرثانی درخواست میں ایسے قابلِ غور نکات موجود ہیں جن پر سماعت کی ضرورت ہے۔عدالت نے سٹی جج/جے ایم آئی سی سری نگر کی جانب سے 6 جولائی 2026 کو ازخود جاری کیے گئے حکم کے نفاذ اور اس پر عمل درآمد کو اگلے احکامات تک معطل کر دیا ہے۔
عدالت نے اپنے حکم میں مزید کہا، ماتحت عدالت کا ریکارڈ اسکین شدہ صورت میں طلب کیا جائے۔ اس دوران، 6 جولائی 2026 کو سٹی جج/جے ایم آئی سی کی جانب سے ازخود جاری کردہ حکم کے نفاذ اور اس پر عمل درآمد پر روک لگائی جاتی ہے۔عدالت نے اس معاملے کی آئندہ سماعت اور مناسب احکامات کے لیے 27 جولائی 2026 کی تاریخ مقرر کی ہے۔
سیشن عدالت نے ایس ایس پی سری نگر کے خلاف سو موٹو حکم پر عمل درآمد روک دیا