سرحدوں پر مزید چوکیاں قائم کی جارہی ہیں، ملی ٹینٹوں کے خلاف آپریشنز جاری رہیں گے: پولیس چیف

جموں// جموں وکشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے جمعرات کے روز کہاکہ سرحدوں پر سیکورٹی گرڈ کو مستحکم کرنے کی خاطر مزید چوکیاں قائم کی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ گر چہ دہشت گردی کا لگ بھگ صفایا ہوچکا ہے لیکن ابھی بھی کچھ غیر ملکی دہشت گرد بچے ہوئے ہیں جنہیں بہت جلد انجام تک پہنچایا جائے گا۔
ان باتوں کا اظہار ڈی جی پی نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوراون کیا۔
انہوں نے کہاکہ امسال کچھ ملی ٹینٹوں دراندازی کے ذریعے اس طرف آنے میں کامیاب ہوئے ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ راجوری کے ڈانگری گاوں میں دراندازی کے ذریعے اس طرف آنے والی ملی ٹینٹوں نے ہی عام شہریوں کا قتل کیا۔
ان کے مطابق بارہ مولہ اور کپواڑہ میں برف باری سے قبل جتنے بھی ملی ٹینٹ اس طرف آئے ان کا بہت حد تک صفایا کیا گیا۔
ڈی جی پی نے کہاکہ 56ایسے غیر ملکی ملی ٹینٹ جو یہاں دراندازی کے ذریعے آئے ہوئے تھے ان کا لگ بھگ صفایا کیا گیا تاہم ابھی بھی کچھ بچے ہوئے ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ ہمسایہ ملک دہشت گردوں کو تربیت دے کر اس طرف دھکیلنے کی لگاتار کوششوں میں مصروف ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہمسایہ ملک کو جموں وکشمیر کا امن راس ہی نہیں آرہا ہے اور وہ یہاں پر ملی ٹینٹوں کو دھکیل کر حالات کو درہم برہم کرنے کی کوششو ں میں لگا ہوا ہے۔
سرحدوں کی سیکورٹی کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں پولیس سربراہ نے کہاکہ لائن آف کنٹرول پر سیکورٹی گرڈ کافی مضبوط ہے اور مزید مضبوطی کی خاطر نئی چوکیاں قائم کی جارہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس کو دہشت گردی کے ساتھ ساتھ اب منشیات کے چیلنج کا بھی سامنا ہے۔
ان کے مطابق پاکستان منشیات کے ذریعے نوجوانوں کے مستقبل کو تاریک بنانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔
انہوں نے کہاکہ منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف پولیس نے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔