بجٹ چند صنعت کاروں کے مفادات کو مدِ نظر رکھ کر تیار کیا گیا:محبوبہ مفتی

سری نگر//پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی سربراہ محبوبہ مفتی نے بدھ کو الزام لگایا کہ مرکزی حکومت کا بجٹ عوام دوست نہیں ہے کیونکہ اسے چند صنعت کاروں کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔
نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے، جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کی طرف سے پیش کردہ بجٹ وہی ہے جو گزشتہ آٹھ نو سالوں میں بی جے پی کی زیر قیادت حکومت نے پیش کیا تھا۔
اُنہوں نے کہا،”ٹیکس بڑھ گئے ہیں اور فلاحی سکیموں یا سبسڈی پر پیسہ خرچ نہیں ہو رہا ہے۔ چند سرمایہ داروں کے لیے ٹیکس جمع کیا جا رہا ہے۔ وصول کئے جا رہے ٹیکسوں سے عوام کو فائدہ ہونا چاہیے تھا لیکن حکومت نے ان کی کمر توڑ دی ہے”۔
مفتی نے مزید کہا،’’لوگوں کو فائدہ پہنچانے کے بجائے فلاحی سکیموں اور سبسڈی کو ختم کیا جا رہا ہے۔ ملک کے حالات ایسے ہیں کہ جو لوگ سطح افلاس سے اوپر گزر بسر کر رہے تھے وہ دوبارہ اس سے نیچے آ گئے ہیں”۔
انہوں نے الزام لگایا کہ بجٹ ’’چند صنعت کاروں‘‘ کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ ’’یہ بھارت کے لوگوں کے لیے نہیں، غریبوں کے لیے نہیں ہے‘‘۔
محبوبہ مفتی نے کہا،”یہ عوام دوست بجٹ نہیں ہے۔ ٹیکسوں میں اضافہ کیا گیا ہے، جی ایس ٹی (گڈز اینڈ سروسز ٹیکس) میں اضافہ کیا گیا ہے۔ غریبوں کی جیبوں سے پیسہ نکالا جائے گا اور یہ بڑے تاجروں کے پاس جائے گا”۔