عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے پیر کے روز دہلی بم دھماکہ کیس کے سلسلے میں وادیٔ کشمیر کے تقریباً 10 مقامات پر چھاپے مارے۔
ذرائع نے بتایا کہ این آئی اے نے تحقیقات کے تحت جن مقامات پر کارروائیاں انجام دی ہیں اُن میں مولوی عرفان احمد وگے، ڈاکٹر عدیل، ڈاکٹر مزمل اور عامر رشید کے رہائشی مکان بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق چھاپے شوپیان کے نادی گام، اور پلوامہ کے کوئل، چند گام، ملانگ پورہ اور سامبورہ علاقوں میں جاری ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ٹیمیں ایسے شواہد کی تلاش میں ہیں جو مبینہ “وائٹ کالر” ماڈیول اور دہلی دھماکے سے جڑے ہو سکتے ہیں۔
این آئی اے اب تک دہلی بم دھماکہ کیس میں چھ ملزمان کو گرفتار کر چکی ہے۔ یاد رہے کہ 10 نومبر کو دہلی کے تاریخی لال قلعہ کے قریب ایک کار میں ہونے والے شدید بم دھماکے میں کم از کم 15 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔
لال قلعہ کار دھماکہ کیس: کشمیر میں 10 مقامات پر این آئی اے کے چھاپے