عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کے قومی کنوینر ناصر کہویہامی نے کہا ہے کہ ایران میں اندر کوٹ سمبل سے تعلق رکھنے والے ایک کشمیری طالب علم کے مارے جانے کی گردش کررہی خبریں مکمل طور پر بے بنیاد اور جھوٹی ہیں۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ اس معاملے کی دستیاب ذرائع کے ذریعے مکمل تصدیق کی گئی ہے اور اس طرح کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جا رہی یہ اطلاعات محض افواہیں ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
ناصر کہویہامی نے کہا کہ اگرچہ ایران کے بعض علاقوں میں جاری کشیدگی اور فضائی حملوں کے باعث صورتحال قدرے تناؤ کا شکار ہے، تاہم وہاں موجود تمام ہندوستانی طلبہ بشمول کشمیری طلبہ محفوظ ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ تہران میں قائم ہندوستانی سفارتخانہ اور مرکزی وزارت خارجہ کے افسران مسلسل طلبا کے ساتھ رابطے میں ہیں اور وہاں کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر مصدقہ اطلاعات اور افواہوں کو پھیلانے سے گریز کریں کیونکہ اس طرح کی خبریں طلبا کے اہل خانہ اور عوام میں بلاوجہ خوف اور بے چینی پیدا کرتی ہیں۔
ایران میں کشمیری طالب علم کے مارے جانے کی خبر بے بنیاد: ناصر کہویہامی